انڈیا کا مقبول ترین شیر ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ SUNDEEP kUMAR

بھارت کے محکمہ جنگلات کے مطابق ملک کا معمر ترین اور پسندیدہ شیر ہلاک ہو گیا ہے۔

محکمے کے حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ رام نامی یہ شیر سنیچر کو ریاست گجرات میں واقع گیر وائلڈ لائف پارک میں مردہ پایا گیا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ رام کی عمر تقریباً پندرہ برس تھی۔

محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق رام ’خوبصورت‘ اور ’شوخ‘ شخصیت کا مالک تھا اور لوگ اس کے سب سے زیادہ فوٹو کھینچتے تھے۔

خیال رہے کہ گیر پارک میں پانچ سو زیادہ شیر رہتے ہیں اور رام اور اس کا بھائی شام یہاں کے مشہور ترین شیر تھے۔

محکمہ جنگلات کے افسر رام رتن نالا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ ہم نے موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے رام کا پوسٹمارٹم کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ قدرتی موت مرا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ مقامی حکام اور افراد کی موجودگی میں رام کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔‘

محکمہ جنگلات کے حکام نے بی بی سی کو بتایا رام مقامی افراد کے ساتھ سیاحوں میں بے حد مقبول تھا اور اس کی موت کا غم منانے کے طور پر وائلڈ لائف پارک کے عملے نے روزا رکھا ہے۔