بنگلور: خلائی ادارے کے باہر فائرنگ

انڈین پولیس
Image caption وزارت داخلہ یہ کہہ چکی ہے کہ اسرو سینٹر شدت پسندوں کے نشانے پر ہے

ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے قریب بیالالو میں ملک کے خلائی ادارے اسرو کے باہر فائرنگ ہوئی ہے۔ معاملے کی تفتیش کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق منگل کی صبج سیکورٹی اہلکاروں اور دو نا معلوم افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اسرو کے ٹریننگ سینٹر کے باہر نا معلوم افراد گھوم رہے تھے۔ سیکورٹی اہلکاروں کو ان پر شک ہوا اور جب سیکورٹی اہلکاروں نے ان افراد سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے گولیاں چلانی شروع کردی۔

اسرو کے ترجمان ایس ستیش نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ’اسرو سینٹر کے باہر دو افراد کو گھومتے دیکھا گیا۔ جب سیکورٹی فورسز نے انہیں چیلنج کیا تو انہوں نے گولیاں چلانی شروع کردی۔ فائرنگ کچھ دیر تک چلی اور پھر یہ افراد فرار ہوگئے‘۔

انکا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش ہورہی ہے اور اب پولیس کو یہ پتہ لگانا ہے کہ یہ شدت پسند حملہ تھا یہ نہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزارات داخلہ کہ چکی ہے کہ اسرو سینٹر شدت پسندوں کے نشانے پر ہے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ پی چدامبرم نے حملے کے بارے ذارئع ابلاغ سے کہا ہے کہ جس طرح کی فائرنگ ہوئی اس سے نہیں لگتا کہ یہ شدت پسند حملہ تھا۔

اسی بارے میں