’طیارے سے دھماکہ خیز مواد برآمد‘

بھارتی ریاست کیرالہ میں پولیس نے ہوائی جہاز پر موجود سامان سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔

پولیس حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ دھماکہ خیز مواد کنگ فشر ائرلائن کی بنگلور سے کیرالہ آنے والی پرواز پر موجود سامان میں رکھا گیا تھا۔

کیرالہ پولیس کے سینئر افسر پی چندرشیکھر کے مطابق دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کا پتہ اس وقت چلا جب ہوائی جہاز سے سامان اتارا گیا۔ ان کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک اخبار میں لپیٹ کر رکھا گیا تھا۔

تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ یہ کوئی بم تھا یا صرف آتش گیر مادہ۔

رواں برس کے آغاز پر بھارت کی سول ایوی ایشن کی وزارت نے مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی اس تنبیہ کے بعد ملک کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی انتظامات میں اضافے کا حکم دیا تھا کہ القاعدہ اور اس سے جری شدت پسند تنظیمیں بھارتی طیارے کو اغواء کرنے کی کوشش کر سکتی ہیں۔

سکیورٹی انتظامات میں اضافے کے علاوہ بھارتی کابینہ نےحال ہی میں طیاروں کے اغواء کو روکنے سے متعلق قانون کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی طیارے کو میزائل کے طور پر استعمال کرنے یعنی اسے کسی عمارت سے ٹکرانے کی کوشش کا خدشہ ہو تو اسے مار گرانے کی اجازت ہوگی۔

اسی بارے میں