کولکتہ: عمارت میں آتشزدگی سے چوبیس ہلاک

اس حادثے میں بیشتر افراد کی موت دم گھٹنے اور گھبراہٹ میں عمارت سے کودنے کی وجہ سے ہوئی ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں پارک سٹریٹ کی ایک عمارت میں آگ لگنے کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چوبیس ہوگئی ہے جب کہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔

اس عمارت میں آگ پیر کی شام لگی تھی۔کولکتہ کے کمشنر گوتم چکرورتی نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے بعد عمارت سے کئی لاشیں ملی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سترہ افراد کی موت ہسپتال پہنچ کر ہوئی ہے جس کے بعد آتشزدگی کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اب چوبیس ہو گئی ہے۔ کمشنر گوتم چکرورتی نےاس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ابھی بھی کئی افراد لاپتہ ہیں اور عمارت کی تلاشی جاری ہے۔

آگ پارک سٹریٹ میں واقع سٹیفن کورٹ کی پانچویں منزل پر لگی جو بعد میں دیگر عمارتوں میں بھی پھیل گئی۔آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے میں تقریباً چھ گھنٹے کا وقت لگا۔

اس حادثے میں سات افراد کی موت دم گھٹنے اور گھبراہٹ میں عمارت کی پہلی اور دوسری منزل سے کودنے کی وجہ سے ہوئی۔آگ بجھانے والے دستے نے تقریباً چالیس افراد کو بچا لیا ہے۔

گزشتہ دو برسوں میں کولکتہ میں آگ لگنے کے دس بڑے حادثات ہوچکے ہیں۔حال ہی میں کولکتہ میں آگ لگنے کے ایک واقعہ میں ایک پوری جھگی بستی جل کر راکھ ہوگئی تھی۔

اسی بارے میں