ہندوستان: دو میزائلوں کا تجربہ

اس سے قبل ہندوستان نے دھنش میزائل کاتجربہ کیا تھا ہندوستان نےسنیچر کی صبح پانچ سو کلوگرام تک کے جوہری بم سے لیس پرتھوی اور دھنش میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

دونوں میزائلوں کو اڑیسہ کے ساحل پر واقع چاندی پور کی تجربہ گاہ سے داغا گیا۔

پرتھوی ٹو زمین سے زمین پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل ہے اور یہ میزائل دو سو پچانوے کلومیٹر کی دوری تک کے حدف کو مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اہلکاروں نے بتایا کہ پرتھوی ٹو کا کامیاب تجربہ موبائل لانچر کے ذریعے آئی ٹی آر کامپلیکس نمبر تین سے صبح پانچ بج کر اڑتالیس منٹ پر کیا گیا۔پرتھوی رینج کے میزائل بھارت نے بنائے ہیں اور بھارتیہ فوج میں اسے شامل کیا جاچکا ہے۔

پرتھوی میزائل کے ذریعے پانچ سو کلوگرام تک کے بم گرائے جاسکتے ہیں۔نو میٹر لمبا اور ایک میٹر چوڑا یہ میزائل صحیح نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے دوران اس میزائل سے خلیج بنگال پر نشانہ لگایا گیا۔پرتھوی کے تجربے سے قبل بحریہ کے جہاز سے دھنش میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔

یہ میزائل پانچ سو کلوگرام وزن تک گولہ بارود لے کر ساڑھے تین سو کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ میزائل روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

سنہ دو ہزار میں اس میزائل کا تجربہ بعض تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ناکام ہوگیا تھا۔دھنش میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے والے پرتھوی ٹو میزائل کی ساخت کا میزائل ہے جسے بھارتی بحریہ کے لیے بنایا گیا ہے۔

اس سے پہلے ہندوستان درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے پرتھوی میزائل کا تجربہ بھی کر چکا ہے۔

اسی بارے میں