میں شادی کرنا آیا ہوں: شعیب ملک

شعیب ملک
Image caption شعیب ملک کا کہنا ہے کہ اگر عائشہ صدیقی سچ بول رہی ہیں تو وہ میڈیا کے سامنے کیوں نہیں آتیں

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان شادی کرنے آئے ہیں اور تب تک ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے جب تک اس تنازعہ سے ان کا نام صاف نہیں ہوجاتا اور ان پر لگے الزامات غلط ثابت نہیں ہوجاتے۔

یہ بات کرکٹر شعیب ملک نے اپنی منگیتر ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔

شعیب ملک پر حیدرآباد کی ایک لڑکی عائشہ صدیقی نے الزام لگایا کہ وہ شعیب کی بیوی ہیں اور انکے خلاف حیدرآباد کے بنجارہ ہل تھانے میں انہوں نے دھوکہ دہی اور جہیز کے لیے حراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔

پولیس نے شعیب ملک سے اس معاملے میں پوچھ گچھ کی ہے۔ اس تنازعہ کو شروع ہوئے تقریبا ایک ہفتہ ہوگیا ہے۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ’میں نے پولیس کے ساتھ پورا تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی میں پولیس اور ہندوستانی حکومت کے ساتھ پورا تعاون کروں گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جو لڑکی ان کی بیوی ہونے کا دعویٰ کررہی ہیں اگر وہ سچ بول رہی ہیں تو وہ میڈیا کے سامنے کیوں نہیں آتیں۔

شعیب ملک نے کہا ہے جو لڑکی ان کی بیوی ہونے کا دعویٰ کررہی ہیں ’میں ان کو ’ماہا آپا کہہ کر بلاتا ہوں‘۔

جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ جو نکاح نامہ عائشہ صدیقی نے میڈیا کو دکھایا ہے کیا اس پر ان کے دستخط نہیں ہیں تو شعیب ملک کا کہنا تھا کہ دستخط انہیں کے تھے لیکن جس لڑکی سے شادی ہوئی وہ عائشہ نہیں ہے۔ ’اگر عائشہ صدیقی صحیح ہیں تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھائے نہ کہ میڈیا کا۔ میں صحیح ہوں اس لیے میں سب کے سامنے ہوں اور اگر عائشہ صحیح ہے تو سب کے سامنے کیوں نہیں آرہی ہیں۔‘

پورے وقت شعیب ملک ایک ہی بات کہتے رہے ہیں کہ وہ انڈیا چھوڑ کر نہیں جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جھوٹ نہیں بول رہے ہیں اور ’تب تک میرا کوئی کچھ نہیں کرسکتا جب تک وہ غلط ثابت ہوتے ہیں۔‘

اس موقع پر ثانیہ مرزا کا کہنا تھا ’میں اور میرا خاندان جانتا ہے کہ سچائی کیا ہے۔ شعیب نے کبھی ہمیں اندھیرے میں نہیں رکھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہے کہ شادی سے دس دن پہلے انہیں اس طرح میڈیا کے سامنے صفائی دینی پڑ رہی ہے۔

اسی بارے میں