آئی پی ایل :نئے سربراہ کے نام کا اعلان

ہندوستان کے کرکٹ بورڈ نے کرپشن کے الزامات پر انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین للت مودی کو ان کے عہدے سے ہٹا نے کے بعد چیرایو امین کو عبوری سربراہ مقرر کیا ہے۔

چیرایو امین
Image caption چیرایو امین آئی پی ایل گورننگ کاؤنسل کے ممبر ہیں اور بی سی سی آئی کے نائب صدر بھی ہیں

چیرایو امین آئی پی ایل گورننگ کاؤنسل کے ممبر ہیں اور بی سی سی آئی کے نائب صدر بھی ہیں ۔ اس کے علاوہ وہ بڑودہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔

ممبئی میں گورننگ کاؤنسل کی ایک اہم میٹنگ کے خاتمے کے بعد بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے صحافیوں کو بتایا کہ آئی پی ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی سے متعلق دستاویزات غائب ہیں اور اس کی تفتیش کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ للت مودی کو معطل کرنا ضروری تھا کیونکہ اس کے بغیر آزاد اور غیر جانبدار تفتیش ممکن نہیں تھی۔

للت مودی کی معطلی کے سلسلے ميں ششانک منوہر نے کہا ’ميڈیا ميں ایسے الزامات عائد کیے گئے ہیں گورننک کاؤنسل کی مرضی سے تمام فیصلے کیے گئے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ مثال کے طور پر آئی پی ایل ایوارڈز کے سلسلے میں جو دستاویزات بھی واضح نہیں کیے گئے۔ اب اس میں گورننگ کاؤنسل کیا کرتی۔‘

ششانک منوہر نے یہ بتایا کہ للت مودی پر عائد تمام الزامات کی تفتیش ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ للت مودی کو’شو کاز‘ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور انہیں جواب دینے کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔

بی سی سی آئی نے اتوار کی رات کو للت مودی کو معطل کیے جانے کا اعلان یہ کہتے ہوئے کیا تھا کہ للت مودی کے انفرادی اقدامات کی وجہ سے کرکٹ انتظامیہ اور کھیل کی بدنامی ہوئی ہے۔

کرکٹ بورڈ کی کارروائی کے بعد اب للت مودی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کے معاملات میں شامل نہیں ہو سکیں گے ، ورکنگ کمیٹی اور بھارت میں کرکٹ کے حوالے سے بورڈ کی بنائی گئی دوسری کمیٹیوں میں شرکت بھی نہیں کر سکیں گے۔

اسی بارے میں