بہار: سڑک حادثے میں بیس افراد ہلاک

فائل فوٹو
Image caption بھارت میں روڈ حاثات بہت عام ہیں

بھارت کی ریاست بہار میں ایک ٹرک پر بجلی کا ہائی ٹینشن تار گرنے سے بیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اس واقعے میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ ویشالی ضلع کے بھگوان پور تھانے کے ست پڑا گاؤں کے پاس پیش آیا ہے۔ اس گاؤں کے پاس سے گزرنے والی ہائی وے پر سفر کرنے والے ٹرک تینتیس ہزار وولٹ کے کرنٹ والا تار گرگيا۔

تار گرتے ہی ٹرک میں آگ لگ گئي اور اس میں بیٹھے لوگ جلنے لگے۔ حکام نے اس حادثے میں بیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

حکام کے مطابق بعض افراد کی حالات نازک ہے اور مرنے والوں کی تعداد پچیس تک پہنچ سکتی ہے۔

بہار میں پولیس کے ترجمان پی سی ٹھاکر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ایک ٹرک بجلی کے کھمبے سے ٹکرایا تھا جس سے تار اس ٹرک پر گرا اور لوگ اس کی ذد میں آگئے۔

پولیس کے مطابق اس ٹرک میں چالیس افراد سوار تھے۔ پی سی ٹھاکر کا کے مطابق ’اب تک دس لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور کم سے کم بیس افراد ہلاک ہوئے۔ اس ٹرک میں چالیس لوگ سوار تھے‘۔

اطلاعات کے مطابق اس ٹرک میں سوار بیشتر لوگوں کا تعلق حسین گنج گاؤں سے ہے۔ یہ لوگ اپنے ایک رشتے دار کی آخری رسومات ادا کر کے گھر واپس آ رہے تھے۔

بہار کی حکومت نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے اور اس واقعے کی تفتیش کے احکامات دیے ہیں۔

اسی بارے میں