بھوپال سانحہ، ارجن سنگھ کے خلاف مقدمہ

بھوپال سانحہ متاثرین
Image caption مجھے معلوم نہیں کہ کن پہلوؤں پر غور ہوگا۔ دیکھنا پڑے گا کہ پیٹرولیم اور کیمیکلس کی وزارت کیا دستاویزات بھیجتی ہے۔ یہ دستاویزات بدھ تک حاصل ہوں گی: پی چدمبرم

بھوپال گیس سانحے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیے جانے والے وزارتی گروپ کا ایک اجلاس اٹھارہ جون کو طلب کیا گیا ہے۔اس سے محض ایک روز قبل وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ اس معاملے سے متعلقہ سفارشات دس دن کے اندر پیش کی جائیں۔

ادھر بھوپال میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی ارجن سنگھ اور اس وقت بھوپال کے کلکٹر موتی سنگھ کے خلاف یونین کاربائڈ کے سابق سربراہ وارین اینڈرسن کو رہا کرنے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

دلی میں وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ انہیں ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ اس اجلاس میں کن کن موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ لیکن بتایا جاتا ہے کہ مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے وارین اینڈرسن کو بھارت لانے کی تجویز پر غور کیا جانا تقریباً طے ہے۔

’مجھے معلوم نہیں کہ کن پہلوؤں پر غور ہوگا۔ دیکھنا پڑے گا کہ پیٹرولیم اور کیمیکلس کی وزارت کیا دستاویزات بھیجتی ہے۔ یہ دستاویزات بدھ تک حاصل ہوں گی۔‘

پی چدمبرم اس نو رکنی گروپ کے سربراہ ہیں جو اس گیس سانحے سے متعلق ایک کیس میں عدالت کے فیصلے کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔ بھوپال میں انیس سو چوراسی میں یونین کاربائڈ کی ایک فیکٹری سے خارج ہونے والی زہریلی گیس کی زد میں آکر پندرہ ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ عدالت نے اس سلسلے میں آٹھ افراد کو مجرمانہ غفلت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں دو دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس کے بعد سے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے وارین اینڈرسن کو بھارت لانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے اور اس پس منظر میں امریکہ نے کہا ہے کہ اگر اس بھارت کی طرف سے کوئی باقاعدہ درخواست وصول ہوتی ہے تو اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

وزارتی گروپ سے اس بارے میں بھی اپنی سفارشات پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے کہ بھوپال کی عدالت کے فیصلے کے بعد متاثرین کو انصاف دلوانے کے لیے حکومت کے پاس کیا راستے باقی ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ متاثرہ افراد کی امداد اور بازآبادکاری کے طریقہ کار پر بھی اپنی سفارشات دے گا۔

بھوپال سے اطلاعات ہیں کہ ارجن سنگھ کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت انتیس جون کو ہوگی۔ ارجن سنگھ نے اب تک اس بارے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے کہ آخر اینڈرسن کو کس کی ہدایت پر چھوڑا گیا تھا۔

اسی بارے میں