ہندوستان: پانچ مصنوعی سیارے خلاء میں

ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے ’اسرو‘ نے پیر کی صبح ایک ساتھ پانچ سیاروں کوخلاء میں بھیج دیا ہے۔

Image caption ہندوستان اس سے پہلے دس سیارے خلاء میں بھیج چکا ہے

ان سیاروں کی لانچنگ پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل یعنی پی ایس ایل وی سی 15راکٹ سے کی گئی ہے۔

یہ مصنوعی سیارے ریاست آندھراپردیش کے جزیرہ سری ہری کوٹہ میں واقع ستیش دھون سپیس سنٹر سے خلاء میں بھیجے گیے ہیں۔ راکٹ نے صحیح وقت میں اپنا سفر پورا کیا۔

ادارے کے سربراہ ڈاکٹر کے رادھا نے تجربے کے بعد سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہمارے لیے یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم نے دوسرے ملکوں کو سیاروں کو خلاء میں بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘

اس موقع پر پلاننگ کمیشن کے صدر مونٹیک سنگھ آہلوالیہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر پورے ملک کو فخر ہے اور ’میں اسرو کو پورے ملک کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں۔‘

اپریل 2008 میں اسرو نے ایک ساتھ دس سیاروں کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں بھیجا تھا۔

سنہ 2007 اپریل میں ایک روسی لانچر سے سولہ سیارے خلاء میں بھیجے گيے تھے لیکن وہ لانچر تقریباً 300 کلو گرام کا وزن لے کر گیا تھا۔ جبکہ 2008 میں 230 ٹن وزن والا پی ایس ایل وی سی- 9 آٹھ سو چوبیس کلوگرام وزن لے کر خلاء میں گیا ہے۔ پی ایس ایل وی کی یہ تیرہویں پرواز تھی۔

ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کارسیٹ کا وزن 690 کلو گرام ہے اور اس میں جدید پین کرومیٹیک کیمرا نصب ہے جو بہترین کوالٹی کی تصویریں اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسی بارے میں