ممبئی، گیس رساؤ سے درجنوں متاثر،تحقیقات کا حکم

فائل فوٹو
Image caption حال ہی دلی میں تابکاری سے کئی لوگ بیمار ہو گئے تھے

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی کی بندرگاہ پر کلورین گیس کے اخراج سے اٹھاون لوگ متاثر ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ان میں سے آٹھ کی حالات نازک بتائی جا رہی ہے۔

بدھ کی صبح یہ واقعہ پیش آیا ہے اور گیس ایک سیلنڈر سے لیک ہوئی ہے جو گودام میں کافی مدت سے رکھا ہوا تھا۔

گیس اخراج کی وجہ سے ملازمین اور قریب واقع کالج ہوسٹل کے طلباء متاثر ہوئے۔ انہیں قریب کے سرکاری جے جے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سات کو انتہائی نگہداشت والے کمرے میں رکھا گیا ہے لیکن ان کی حالت اب مستحکم ہے۔

اس دوران مہاراشٹر کے وزیر اعلی اشوک چوان نے اسے ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیا۔

پورٹ ٹرسٹ کے گودام سے گیس کے اخراج کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ افسران نے احتیاط کے طور پر ہوسٹل اور اطراف کے پانچ سو کے قریب لوگوں سے علاقہ خالی کرا لیا ہے۔ فائر افسر کے مطابق صبح چار بجے کے قریب انہیں گیس اخراج کی اطلاع ملی جب لوگوں نے سانس لینے میں تکلیف اور چکر کی شکایت کی۔

جے جے ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر لہانے نے بی بی سی کو بتایا کہ صبح چار بجے سے ہی ہسپتال میں متاثرین کی آمد شروع ہو گئیتھی۔ ڈاکٹر لہانے کے مطابق اب تک ہسپتال میں بانوے متاثرین آئے جن میں سے چوبیس کو دوا دے کر رخصت کر دیا گیا ہے۔ آٹھ افراد کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے اس لیے انہیں سی سی یو یونٹ میں رکھا گیا ہے، دس افراد کا ایم آئی سی یو میں علاج جاری ہے۔

گیس کا سب سے زیادہ اثر پورٹ ٹرسٹ مزدوروں پر ہوا ہے۔ فائر افسر کے مطابق گودام میں گیس سلینڈر رکھے ہوئے تھے جن میں سے کلورین گیس کا خراج شروع ہوا۔ گیس کے اخراج کی وجہ سے علاقے میں واقع کالج ہوسٹل کے چودہ طلباء نے بھی سانس لینے میں شکایت کی اور انہیں مزدورں کے ساتھ ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

پورٹ ٹرسٹ کے گودام میں گیس سلینڈر جن سے گیس کا اخراج ہو رہا ہے، کسٹم ڈپارٹمینٹ نے ضبط کیے تھے اور ان کا نیلام کر دیا جانا تھا لیکن نیلامی نہیں ہو سکی اور پرانے سلینڈر سے گیس کا خراج شروع ہو گیا۔ فائر افسر کے مطابق گیس کے اثر کو زائل کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تھا۔

پورٹ ٹرسٹ مزدور یونین لیڈر نے گیس کے اخراج کے لیے پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ کو اس کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

جنوب وسطی ممبئی واقع پورٹ ٹرسٹ کا علاقہ انتہائی حساس اور ہائی سیکوریٹی زون علاقہ مانا جاتا ہے۔

اسی بارے میں