ٹریک کی خرابی کے سبب تھر ایکسپریس رکی

بھارت میں ریل حکام نے بارش کے سبب ریل ٹریک خراب ہونے کے باعث بھارت اور پاکستان کے درمیان چلنے والی مشہور تھر ایکسپریس کو ایک دن کے لیے بند کر دیا ہے۔
ریاست راجستھان میں محکمہ ریل کے ایک سینیئر افسر نے بتایا ہے کہ '' ٹریک کی بحالی کا زور شور سے کیا جارہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد ہی درست ہو جائیگا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستی کے نام پر چلنے والی تھر ایکسپریس اپنے ہفتہ وار پرگرام کے تحت جمعہ کی رات کو جودھ پور سے مناباؤ تک جانا تھا۔
ریل حکام نے بتایا ہے کہ اس ریل سروس کو صرف ایک دن کے لیے بند کیا گیا ہے۔
اس کی مرمت کے لیے علاقے کے ریل مینیجر جی اگروال خود جودھ پور سے باڑ میر گغے ہیں اور ان کی نگرانی میں مرمت کا کام چل رہا ہے۔
جمعرات سے ہی بارمیڑ کے ریگستانی علاقے میں زبردست بارشیں ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جسائے اور بھجبار ریلوے سٹیشن کے درمیان ریل ٹریک متاثر ہوا ہے۔
تقریبا چالیس بر بعد اٹھارہ فروری دو ہزار چھ میں یہ ریل سروس دوبارہ بحال کی گئی تھی۔ یہ ٹرین بھارت میں راجستھان اور پاکستان میں سندھ کے درمیان ہفتہ میں ایک بار چلتی ہے جس میں تقریبا چار سو مسافر سفر کرتے ہیں۔
اگست دو ہزار چھ میں بھی سیلاب کے سبب اس ٹرین کا ریل ٹریک خراب ہوا تھا جسے درست کرنے میں کئی ماہ لگ گئے تھے۔