دولت مشترکہ کھیلوں میں تماشائیوں کی کمی

دولت مشترکہ کھیل
Image caption منتظمین تماشائیوں کی کم تعداد کی وجہ سے پریشان ہیں۔

بھارت میں دولت مشترکہ کھیلوں کے منتظمین یہ مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں کی کم تعداد کی وجہ سے پریشان ہیں۔

ان کھیلوں کی جو تصاویر اور ویڈیو فوٹیج دنیا بھر کے میڈیا میں دکھائی جا رہی ہیں ان میں کھلاڑیوں کو تقریباً خالی سٹیڈیم میں مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ اب سوچ رہے ہیں کہ ان مقلبلوں کے لیے بچوں کو مفت ٹکٹ دیے جائیں تا کہ تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔

دولت مشترکہ کھیلوں کے سربراہ مائک فینل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کھیلوں کے پہلے روز اکثر مقابلوں میں تماشائی نہ ہونے کے برار تھے۔

’اکثر میدانوں میں تماشائیوں کی تعداد کم ہے۔ یہی وہ معاملہ ہے جس کی وجہ سے ہمیں تشویش ہے‘۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مختلف سٹیڈیموں میں سخت حفاظتی اقدامات اور ٹکٹوں کی خریداری میں مشکلات تماشائیوں کی کم تعداد کا سبب ہو سکتا ہے۔

دولت مشترکہ کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سریش کلمادی کا کہنا ہے کہ لوگوں کی آسانی کے لیے تمام سٹیڈیموں میں ٹکٹوں کی فروخت کا انتظام کیا گیا ہے۔