آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 6 نومبر 2010 ,‭ 09:50 GMT 14:50 PST

ممبئی بھارت کی مزاحمت کی علامت: صدر اوباما

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

ونڈوز میڈیا یا ریئل پلیئر میں دیکھیں/سنیں

امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ممبئی ہندوستان کے عوام کی مزاحمت اور قوت کا عکاس ہے اور امریکہ اور بھارت دہشت گردی کے خلاف متحد کھڑے ہیں۔

براک اوباما

اوباما نے ہوٹل تاج پہنچنے کے فورا بعد خطاب کیا

انہوں نے کسی ملک یا کسی تنظیم کا نام لیے بغیر کہا کہ ممبئی پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے ہندوستان کی جمہوری اور اجتماعی قدروں اور ملک کی ہم آہنگی پر حملہ کرنے کی کو شش کی تھی لیکن وہ اپنے مقصد میں پوری طرح ناکام رہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ممبئی کی علامتی اہمیت ہے کیونکہ یہ ’بھارت کی مزاحمت کا عکاس ہے ۔ وہ ہندوستان کی تہذیب اور امیدوں کا سنگم ہے۔‘

کلِک صدر اوباما ممبئی میں: تصاویر

صدر اوباما نے کہا کہ ممبئی پر حملے کے بعد ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے بارے میں خفیہ معلومات کے تبادلے اور اشتراک میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’میں جب دلی میں وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کروں گا تو اس اشتراک کو مزید مضبوط کرنے کے اقدامات پر بات ہوگی۔‘

براک اوباما

امریکی صدر دوپہر کے وقت ممبئی ایئر پورٹ پر اترے

صدر اوباما نے اپنے دورے کا آغاز تاج ہوٹل میں ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک جلسے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

صدر اوباما سنیچر کی دوپہر بھارت کے تین ردزہ دورے پر ممبئی پہنچے ہیں۔ انہوں نے اپنے قیام کے لیے ممبئی کے تاج محل ہوٹل کا انتخاب کیا ہے جسے دو برس قبل اسی مہینے میں شدت پسندوں نے اپنے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

ممبئی حملے کے بعد بھارت میں سرکاری سطح پر یہ تاثر رہا ہے کہ امریکہ ممبئی حملے کے مرتکبین کو پکڑنے اور انہیں سزا دلانے کے لیے پاکستان پر دباؤ نہیں ڈال رہا ہے۔

ہندوستان میں یہ توقع کی جا رہی تھی کہ صدر اوباما تاج ہوٹل سے ممبئی حملے کے سلسلے میں مرتکبین کو ‎سزا دینے کے سلسلے میں پاکستان کا نام لے سکتے ہیں۔ لیکن کسی تنظیم یا پاکستان کا کسی طرح ذکر نہ آنے پر ٹی وی چینلوں پر بحث و مباحثے میں شریک بیشتر تجزیہ کاروں اور مبصرین نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ممبئی حملے کے سلسلے میں بھارت بہت حساس رہا ہے اور حملے کے بعد ابھی تک پاکستان سے اس کے تعلقات معمول پر نہیں آ سکے ہیں۔

صدر اوباما ممبئی کے منی بھون میں واقع گاندھی میموریل بھی جائیں گے۔ وہ گاندھی کے فلسفہء عدم تشدد سے کافی متاثر ہیں اور مہاتما گاندھی کے مقام کا دورہ کر کے وہ انہیں خراج عقیدت تو پیش کریں گے ہی ساتھ ہی وہ پیغام بھی دینا چاہیں گے کہ عدم تشدد کا فلسفہ آج کی دنیا میں مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

امریکی صدر سنیچر کی شام میں ہندوستان اور امریکہ کے سرکردہ صنعت کاروں سے خطاب کریں گے ۔ وہ اتوار کو ممبئی یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس بات چیت میں وہ طلباء کے سوالوں کا جواب دیں گے۔ اتوار کی دوپہر میں وہ دلی کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC navigation

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔