ممبئی:’سب سے مہنگے‘ مکان کا افتتاح

انٹیلیا
Image caption یہ ستائیس منزلہ مکان سمندر کے قریب ایک پہاڑی پر بنایا گیا ہے

ممبئی میں بھارت کے امیر ترین شخص اور صنعتکار مکیش امبانی کے اس گھر کا افتتاح ہو گیا ہے جسے دنیا کا سب سے مہنگا مکان قرار دیا جا رہا ہے۔

مکیش امبانی کا یہ مکان ستائیس منزلہ ہے جس کا نام انٹیلیا ہے۔ یہ ممبئی کے مہنگے ترین علاقے ایلٹا ماؤنٹ روڈ پر تعمیر کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مکان کی تعمیر پر ایک ارب امریکی ڈالر سے بھی زیادہ رقم خرچ کی گئی ہے۔

اس مکان میں مکیش امبانی، ان کی اہلیہ، ان کے تین بچوں اور والدہ پر مشتمل کنبہ رہائش پذیر ہوگا۔

اطلاعات ہیں کہ اس مکان کی دیکھ بھال کے لیے چھ سو ملازمین بھی اس میں کام کریں گے اور سب سے اوپر کی چار منزلوں پر امبانی خاندان رہائش رکھےگا۔

Image caption مکیش امبانی بھارت کے امیرترین شخص ہیں

مکان چالیس ہزار فٹ سے بھی زیادہ رقبے پر بنا یا گیا ہے۔ اس میں آرام گاہ، جم، یوگا اور ڈانس سٹوڈیو، بال روم، مہمان خانے، پچاس سیٹوں والا فلم تھیٹر، ہیلی کاپٹر اترنے کے لیے تین ہیلی پیڈ اور ڈیڑھ سوگاڑیاں کھڑی کرنے کی پارکنگ جیسی بہت سی سہولیات ہیں۔

اس مکان میں نو لفٹس لگی ہیں جن میں سے دو امبانی خاندان کے لیے ہیں وقف ہوں گی جبکہ باقی ملازم اور مہمان استعمال کریں گے۔

اس مکان میں ایک میٹنگ ہال بھی ہے جس میں بڑے وفود سے خطاب کیا جا سکتا ہے جبکہ باورچی خانے میں کئی سو افراد کے لیے کھانا پکایا جا سکتا ہے۔

مکان کی سب سے اوپر کی منزل سے بحیرۂ عرب کی لہریں دیکھی جا سکتی ہیں کیونکہ یہ سمندر سے قریب واقع ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ انٹرنیٹ لنکس

بی بی سی بیرونی ویب سائٹس کے مواد کا ذمہ دار نہیں