اڑیسہ میں تصادم، پانچ ’باغی‘ ہلاک

بھارت میں ماؤنواز باغی(فائل فوٹو)
Image caption ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین باغی بھی شامل ہیں

ہندوستان کی ریاست اڑیسہ میں پولیس کا دعوٰی ہے کہ ریاست کے جاج پور ضلع میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان تصادم میں پانچ باغی ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

ریاست پولیس کے نکسلی مخالف مہم کے سربراہ سنجیو مارک نے بتایا کہ تصادم اتوار کو آدھی رات کے بعد ہوا ہے اور جائے وقوعہ سے بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی ملا ہے۔

اڑیسہ میں مقامی نامہ نگار سندیپ ساہو کا کہنا ہے کہ جاج پور پولیس کے مطابق ضلع کے رائی گھاٹی جنگلات میں ایک ’ماؤ نواز کیمپ‘ کی موجودگی کی خبر ملی تھی جس کے بعد ماؤ نواز باغیوں سے مقابلے کے لیے بنائے گئے خصوصی آپریشنز گروپ یعنی ایس او جی کی مدد مانگی گئی۔

آدھی رات کے بعد ایس او جی اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس کیمپ پر حملہ کیا۔

سنجیو مارک کے مطابق ’جائے وقوعہ سے تصادم میں ہلاک ہونے والے پانچ باغیوں کی لاشوں کے علاوہ ایک ایس ایل آر، تین 303 رائفلز، آٹھ ایم ایم کے بندوق اور تین دیسی رائفل برآمد ہوئی ہیں‘۔

اس تصادم میں کسی پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے۔

اسی بارے میں