اڑیسہ: تصادم میں نو ماؤنواز' ہلاک

بھارتی پولیس
Image caption گزشتہ ایک ہفتے میں اڑیسہ کی پولیس نے چودہ ماؤنواز باغیوں کو مارنے کا دعوی کیا ہے

ہندوستان کی ریاست اڑیسہ میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ رائےگڈھ ضلع میں سیکورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان تصادم میں نو باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ رائے گڈھ کے مانڈی بیسی علاقہ میں اتوار کی صبح پیش آیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے بڑي تعداد میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ریاست کے ایک سینئر پولیس اہلکار سومیندر پریدرشی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے باغیوں کے پاس سے ایس ایل آر بندوقیں ملی ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ باغی تربیت یافتہ تھے اور ایک بڑے آپریشن نے منسلک تھے۔

اڑیسہ میں مقامی نامہ نگار سندیپ ساہو کا کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق پولیس کومانڈی بیسی علاقے میں ’ماؤ نواز کیمپ‘ کی موجودگی کی خبر ملی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے کمیپ پر حملہ کیا ہے۔

آدھی رات کے بعد ایس او جی اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس کیمپ پر حملہ کیا۔

گزشتہ کچھ دنوں میں ماؤنواز مخالف آپریشن میں ریاست کی پولیس نے کئی کامیابیوں کا دعویٰ ہے۔ گزشتہ ہفتے ریاست کی پولیس نے دعوٰی کیا تھا کہ ریاست کے جاج پور ضلع میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان تصادم میں پانچ باغی ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔

اسی بارے میں