بھارتی فوجی کی فائرنگ، چار ساتھی ہلاک

Image caption جموں و کشمیر میں تین لاکھ سے پانچ لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں

بھارتی زیرِ انتظام کشمیر میں ایک فوجی نے فائرنگ کر کے اپنے چار ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

بھارتی وزارتِ دفاع کے ایک ترجمان کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح ضلع اننتناگ میں نیم فوجی دستوں کے ایک کیمپ میں پیش آیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک جونیئر افسر بھی شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ آیا گولی چلانے والا فوجی ذہنی دباؤ کا شکار تھا یا نہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق گولی چلانے والے فوجی کی اپنے ساتھیوں سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔

کشمیر میں اس قسم کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں اور سنہ 2001 کے بعد سے اب تک ایسے واقعات میں ہونے والی ستّر سے زائد ہلاکتوں کی وجہ ذہنی دباؤ کو ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔

اس علاقے میں تعینات فوجی لمبے عرصے تک چھٹی سے محروم رہتے ہیں اور انہیں مزاحمت کاروں کے خلاف مسلسل آپریشن میں مصروف رہنا پڑتا ہے۔

رواں برس جنوری میں بھارتی حکومت نے کشمیر میں تعینات فوج کی تعداد میں پچیس فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت اندازاً جموں و کشمیر میں تین لاکھ سے پانچ لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔

اسی بارے میں