انا کی تحریک پر فلمی ستاروں کا ردعمل

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جمہوریت میں سب کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے: امیتابھ بچن

ملک بھر میں انا کے حامیوں کی کوئی کمی نہیں ہیں اور اب انا کی حمایت میں بالی وڈ سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

انا ہزارے کی مہم کو اچھا قرار دیتے ہوئے فلمی اداکار عمران خان کہتے ہیں کہ انا نے ملک کے نوجوانوں کو جگا دیا ہے۔

عمران خان نے کہا ’انا ہزارے صاحب کی مہم بہت اچھی ہے۔ دراصل انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو جگا دیا ہے، متحد کر دیا ہے۔‘

ان کے بقول ’بھارت ایک نوجوان ملک ہے اور ملک میں اصل تبدیلی کے لیے نوجوانوں کی شرکت ضروری ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ ہم جیسے لوگ سوچتے تھے کہ چلتا ہے یار، . لیکن اس بار صورت حال مختلف ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔‘

بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے مطابق قانون کے مطابق اس طرح سے اپنی بات کرنا جائز ہے۔

امیتابھ بچن سے جب انا کی اس مہم کے بارے میں پوچھا گیا تو امیتابھ بچن نے کہا ’جمہوریت میں سب کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے۔ کوئی بھی ملک بد عنوانی نہیں چاہتا ہے اور کوئی شخص وکالت کرتا ہے کہ ملک میں بدعنوانی نہ ہو تو ایسا کہنے کا اسے حق ہے۔‘

انہوں نے کہا ’قانون کو سب جانتے ہیں، اور اس کے مطابق کوئی چلتا ہے تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔‘

نانا پاٹیکر انا ہزارے کی صحت پر فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا „انا ہزارے ہمارے بزرگ ہیں۔ اس عمر میں وہ بھوک ہڑتال کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد ان کے ساتھ بات کرے۔ „ مجھے لگتا ہے کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔‘

شاہد کپور نے لوک پال بل پر تو کچھ تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا لیکن انہوں نے عوام کی اس مہم کو صحیح قرار دیا۔

Image caption میرا خیال ہے کہ بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانا ایک اچھا عمل ہے: شاہد کپور

شاہد کپور نے کہا ’میرا خیال ہے کہ بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانا ایک اچھا عمل ہے۔ عوام سڑک پر آ کر بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ یہ بہت بڑی بات ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہم ایک ایسا حل تلاش کر سکیں جو عملی بھی ہو۔‘

فلمساز مہیش بھٹ کہتے ہیں ’انا کے حامیوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جو آپ کے بل کے ساتھ نہیں ہے اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ بدعنوانی کا حامی ہے۔‘

مہیش بھٹ کہتے ہیں ’ہم انا کے بل سے متفق نہیں ہیں، ہاں، بدعنوانی کے خلاف انا کی جنگ پر ہم سب متفق ہیں۔ میں مانتا ہوں کہ حکومت کے بل میں بھی خامیاں ہیں اور انا کا لوک پال بھی خطرناک ہے۔ یہ کہنا کہ ہمارا ہی بل مکمل ہے، غلط ہے۔‘

اسی بارے میں