لوک پال پر بحث، ہڑتال ختم ہونے کے آثار

انّا ہزارے تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انّا ہزارے کی صحت اب مزید خراب ہوتی جاری ہے

بھارت کی پارلیمنٹ میں بعض اراکین نے انا ہزارے کے جن لوک پال بل پر بحث کا نوٹس دیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ انا ہزارے کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے بحث سے قبل پارلیمنٹ ایک مؤثر لوک پال بل منظور کرنے سے متعلق ایک قرار داد منظور کرے گی۔

ادھر بدعنوانی کے خلاف مہم کے علمبردار انا ہزارے کی بھوک ہڑتال جمعہ کو گیارہویں دن بھی جاری ہے۔

انا جسمانی طور پر کمزور ہوتے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ پارلیمان میں قرار داد کی منظوری کے بعد ہی اپنی بھوک ہڑتال ختم کریں گے۔

اس دوران کانگریس کے رہنماء راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں خصوصی تذکرے کے تحت لوک پال بل کے بحران پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مجوزہ لوک پال ادارے کو مؤثر بنانے کے لیے انتخابی کمیشن کی طرز پر ایک آئینی ادارہ بنایاجائے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ بد عنوانی ہر سطح پر پھیلی ہوئی ہے اور ہر بھارتی اس سے نجات پانا چاہتا ہے۔ لیکن بدعنوانی پر قابو پانے کا ایک مؤثر لوک پال ادارہ صرف ایک طریقہ ہے۔ اسے جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کئی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

کانگریس کے رہنماء نے اس سلسلے میں انتخابات اور سیاسی جماعتوں کے اخراجات کی سرکاری فنڈنگ کی تجویز رکھی۔ انہوں نے سرکاری خرید و فروخت میں مکمل شفافیت لانے اور زمینوں کے حصول اور کان کنی جیسے شعبوں کے لیے مؤثر ضابطہ بنانے کی بات کی۔

لیکن راہول نے انا کی تحریک پر یہ کہہ کر نکتہ چینی کی کہ اس طریقۂ کار سے پارلیمانی جمہوریت اور پارلمینٹ کی بالادستی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں انّا ہزارے کے جن لوک پال بل پر بحث کا دکر کرتے ہوئے کہا ’ آج مجوزہ قانون بدعنوانی کے خلاف ہے اور کل اسی طرح کی تحریک سے ہماری جمہوریت اور ملے جلے معاشرے پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔‘

انا ہزارے کے ساتھیوں نے انا کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قرار داد منظور کرنے کی شرط رکھی ہے اور ایک قرار داد کا مسودہ بھی حکومت کو پیش کیا ہے۔

لوک سبھا کی سپیکر سول سوسائٹی کے لوک پال بلوں پر بحث کے نوٹس پر کسی بھی لمحے فیصلہ کرنے والی ہیں۔

انا کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ قرارداد کی منظوری کے بغیر چوہتر سالہ انا ہزارے اپنی بھوک ہرتال ختم نہیں کریں گے۔ ادھر رام لیلا میدان میں ایک سٹیج پر لیٹے ہوئے انا ہزارے کی صحت بگڑ رہی ہے۔ آج وہ جسمانی طور پر بہت کمزور نظر آئے۔

اسی بارے میں