راجھستان: زمین پر تنازع، نو افراد ہلاک

Image caption متاثرہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حالات اب قابو میں ہیں: پولیس

بھارت کی ریاست راجھستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ زمین کے تنازع پر دو برادریوں میں تصادم کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

راجھستان کے علاقے بھرت پور میں بدھ کو پسماندہ طبقہ کی گجر اور مسلمان برداری کے افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی اور پتھراؤ کیا۔

دونوں برادریوں کا ایک قبرستان کی ملکیت پر تنازع ہے اور اس ضمن میں کیس عدالت میں زیرسماعت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضلع کے متاثرہ حصوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

اس تصادم میں پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

عینی شاہدین پر مبنی اطلاعات کے مطابق کئی دکانوں کو نذرآتش کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور حالات اب قابو میں ہیں۔

اسی بارے میں