کرکٹر اظہرالدین کے بیٹے کا انتقال

ایازالدین تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ایازالدین چھ دن سے حیدرآباد کے اپولو ہسپتال میں زیر علاج تھے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور رکن پارلیمان محمد اظہرالدین کے بیٹے ایازالدین موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کر گئے ہیں۔

ایازالدین کی عمر انیس برس تھی۔ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر تھے اور حیدرآباد کی جونیئر ٹیم کے لیے کھیلتے تھے۔

وہ پانچ روز قبل اتوار کو حیدرآْباد کی رنگ روڈ پر اپنے پھوپھی زاد بھائی اجمل کے ساتھ موٹرسائیکل کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اجمل کی عمر سولہ سال تھی اور انہوں نے حادثے کے کچھ ہی دیر بعد دم توڑ دیا تھا۔

اظہرالدین اترپردیش کے مراد آباد حلقے سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ انہوں نے عید کے موقع پر اپنے بیٹے ایازالدین کو ایک ہزار سی سی کی سپورٹس موٹر سائیکل تحفے میں دی تھی۔

حادثے کے بعد سے ایازالدین حیدرآباد کے اپولو ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ڈاکٹر ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتا رہے تھے۔

ان کے سر میں شدید چوٹیں آئیں تھیں اور ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ان کے گردوں سمیت بہت سے اعضاء نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

اظہرالدین کے پہلی بیوی نورین سے دو بیٹے ہیں اور ایازالدین ان میں سے بڑے تھے۔

حادثے کے وقت اظہر لندن میں تھے۔ پہلے یہ اطلاعات ملیں تھیں کہ اجمل کے گھر والوں نے ایازالدین کے خلاف کیس درج کرایا ہے لیکن بعد میں دونوں خاندانوں کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں اس خبر کی تردید کی گئی تھی۔

اسی بارے میں