تیلنگانہ کے لیے ریل روکو مہم اور ہڑتال

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہڑتال کے سبب آندھرا کے علاقے کی تمام ریل گاڑیاں منسوخ کرنی پڑی تھیں

بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں علحیدہ ریاست تیلنگانہ کی مانگ کے لیے '' ریل روکو مہم'' کے آخری دن عام ہڑتال سے زندگي بری طرح متاثرہ ہوئی ہے۔

ریاستی حکومت نے حالات سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور کئی مقامات پر اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔

ریل روکو مہم کی وجہ سے اس علاقے میں ریل سروسز پہلے سی منسوخ تھیں اور پیر کی عام ہڑتال کا اثر بھی پڑا ہے۔

گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے ریل روکو مہم پر قابو پانے کے لیے سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا تھا اور تیلنگانہ سنیوکت سنگھرش سمیتی نے اسی کے خلاف عام ہڑتال کی کال دی ہے۔

اتوار کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے بعض مقامات پر لاٹھی چارج کی تھی جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مظاہروں کے دوران بعض ارکان پارلیمان اور اکان اسمبلی کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

Image caption تیلنگانہ کے لیے کافی دنوں سے احتجاج ہوتا رہا ہے

سنگھرش سمیتی نے بہتر گھنٹے کے لیے ریل روکو مہم کی کال دی تھی جس کے سبب ریاست آندھرا پردیش میں ریل سروسز متاثر ہوئی ہیں۔

بند کے دوران کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی بھی خبریں ہیں۔

ریاست آندھر پردیش میں تیلنگانہ کے حامی دارالحکومت حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے دس اضلاع پر مشتمل علاقے میں ایک الگ ریاست کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ مطالبہ کافی پرانا ہے لیکن کافی احتجاج کے بعد مرکزی حکومت نے علٰحیدہ ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

تاہم کئی برس گزرنے کے بعد بھی اس سمت اب تک کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور اسی لیے ایک بار پھر احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں