انّا ٹیم، کرن بیدی پر بدعنوانی کا الزام

کرن بیدی
Image caption کرن بیدی بدعنوانی کے خلاف انّا ٹیم کی اہم رکن ہیں

بھارت میں بدعنوانی کے خلاف تحریک چلانے والی انّا ہزارے کی ٹیم کی ایک اہم رکن کرن بیدی پر بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسی تنظیموں سے آمد و رفت کا کرایہ خرچ سے زیادہ وصول کیا ہے جو انہیں اپنے سیمیناروں میں بلاتی رہی ہیں۔

اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کرن بیدی نے اس بات سے تو انکار نہیں کیا کہ اضافی پیسے وصول کیےگئے ہیں تاہم صفائی یہ پیش کی کہ ایسا ایک مقصد کے تحت کیا گيا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اکانومی کلاس میں سفر کر کے بزنس کلاس کا کرایہ وصول کیا ہے لیکن وہ اضافی رقم فلاحی تنظیم کی مدد کے مقصد سے لیا گيا ہے۔

کرن بیدی کے متعلق بدعنوانی کے ان الزامات کو انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس نے تفصیل سے شائع کیا ہے اور ثبوت کے طور پر بورڈنگ پاس، بلز ریکارڈز، چیکز اور دیگر رسیدیں بھی شائع کی ہیں۔

اخبار کا کہنا ہے کہ کرن بیدی نے سستے ٹکٹ خریدنے کے لیے کئی بار اپنے میڈلز کا استعمال کیا اور بعد میں بل اس کی اصلی قیمت پر وصول کیا ہے۔

بھارتی حکومت کے ایک قانون کے مطابق جن افراد کو بہادری کے میڈلز سے نوازہ گیا ہے انہیں سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا میں پچھہتر فیصد کی رعایت کا حق ہے۔ کرن بیدی نے اسی کے تحت سستے ٹکٹ خریدے تھے۔

کرن بیدی کو سنہ انیس سو اناسی میں بہادری کے لیے صدر کی جانب سے ’ویرتا میڈل‘ سے نوازہ گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ٹیم کے ارکان میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں

کرن بیدی کی تنظیم کانام ’انڈین ویژن فاؤنڈیشن‘ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اضافی رقم اسی کے لیے لیتی آئی ہیں۔

انّا ہزاے کی ٹیم اس وقت اختلافات سے بھی دو چار ہے اور اس ٹیم سے الگ ہوئے ایک رکن کا کہنا ہے کہ یہ تحریک اب سیاسی رخ اختیار کرتی جارہی ہے۔

اختلافات کے سبب انّا کی ٹیم کے دو ارکان، میگسیسے انعام یافتہ راجندر سنگھ اور پی وی راجگوپال ان سے الگ ہوگئے ہیں۔

راجندر سنگھ پانی کے مسائل پر اپنے اہم کاموں کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کی خدمات کے لیے انہیں میگسیسے ایوارڈ سے نوازہ جا چکا ہے۔

بی بی سی سے بات چیت میں انہوں نے ٹیم کے ساتھ اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک اب گندی سیاست کی طرف ایک غلط سمت میں جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ '' انّا اور اروند کیجری وال تانا شاہی کر رہے ہیں اسی لیے میں نے اپنے آپ کو ٹیم سے الگ کر لیا ہے۔ ان دونوں کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ لاکھوں لوگ انّا اور کیجری وال کے جمع نہیں ہوئے تھے بلکہ وہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آئے تھے۔''

اسی بارے میں