بنگلور: میٹرو ریل سروس کا آغاز

میٹرو
Image caption یہ میٹرو ریل ستونوں پر بنائے گئے بلند ٹریک پر چلے گی

بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں ایک طویل انتظار کے بعد جمعرات سے میٹرو ریل سروس کا آغاز ہو رہا ہے۔

بھارت کے وزیر برائےشہری ترقی کمل ناتھ چھ اعشاریہ سات کلومیٹر طویل ٹریک پر مشتمل اس سروس کے پہلے حصے کا افتتاح کریں گے۔

یہ میٹرو ریل ستونوں پر بنائے گئے بلند ٹریک پر چلے گی اور اس کے ٹریک کی کل لمبائی بیالیس کلومیٹر ہوگی جو کہ سنہ دو ہزار چودہ میں مکمل ہوگا۔

بنگلور کے اس ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے پہلے حصے میں شہر کے کاروباری مرکز سمجھے جانے والے علاقے میں چھ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور میٹرو ٹرین یہ سفر چودہ منٹ میں طے کرے گی۔

پہلے مرحلے میں میٹرو ٹرین مغربی بنگلور میں ایم جی روڈ سے مشرق میں بیپنا ہلی ٹرمینل تک جائے گی۔

بنگلور میں میٹرو ریل چلانے کا منصوبہ سنہ دو ہزار تین میں بنا تھا اور اس پر کام سنہ دو ہزار چھ میں شروع ہوا تھا۔

بنگلور کو بھارت میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کا گڑھ مانا جاتا ہے اور یہاں ڈیڑھ ہزار کثیر القومی سافٹ ویئر کمپنبوں کے دفاتر قائم ہیں