کشمیر: جھڑپ میں کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ

فائل فوٹو
Image caption کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے جنوبی علاقے شوپیان میں پولیس نے حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر کو جھڑپ کے دوران ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز اس علاقے میں ابھی ایک اور شدت پسند کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع شوپیان کے شالی ڈورہ گاؤں میں شدت پسندوں کی موجودگی کا پتہ چلا تھا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا۔

سکیورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ علیٰ الصبح جب شدت پسندوں کوگھیرنے کی کوشش کی جا رہی تھی اس وقت عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔

حکام کے مطابق جوابی کارروائی میں حزب المجاہدین کا ایک کمانڈر منیر احمد کلاس مارا گيا ہے۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق اس جگہ پر دو شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی تھی لیکن دوسرے کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے اور تلاش جاری ہے۔

اسی بارے میں