وزیر کا تسمے والے جوتے نہ پہننے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AP

بھارت کی ریاست مدھیا پریش کے ایک وزیر نے آئندہ تسمے والے جوتے نہ پہننے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان انہوں نے اس تصویر کے شائع ہونے کے بعد کیا ہے جس میں ایک نوجوان کو ان کے جوتوں کے تسمے باندھتے دکھایا ہے۔

گوری شنکر بسین کا کہنا ہے کہ وہ ایک نوجوان سے اپنے جوتے کے تسمے بندھوانے پر شرمندہ اور معافی کے طلب گار ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ میڈیا پر شائع ہونے والی تصویر میں جو نوجوان ان کے جوتے کے تسمے باندھ رہا ہے وہ ان کے قریبی دوست کا بیٹا ہے۔

ریاستی وزیر کے مطابق انہوں نے اپنے جوتے کے تسمے اس لیے اس نوجوان سے باندھنے کے لیے کہا کیونکہ ڈاکٹرز نے ہرنیے کے آپریشن کے باعث انہیں جھکنے سے منع کر رکھا ہے۔

یہ تصویر شائع ہونے کے بعد شنکر بسین کے حلقے میں ان کے خلاف عدم مساوات کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ وہ نچلی ذات کے لوگوں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کرتے ہیں اور یہ تصویر اس کے ثبوت کے طور پر پیش کی جارہی ہے۔

شنکر بسین نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب نوجوان نے ان کے تسمے باندھے تو انہیں خود بھی علم نہیں تھا کہ ان کے تسمے کھلے ہوئے ہیں۔

ریاستی وزیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ زندگی میں کبھی تسموں والے جوتے نہیں پہنیں گے تاکہ اس طرح کی صورتحال اور الزام سے محفوظ رہ سکیں۔