کرناٹک:’وزراء فحش ویڈیو دیکھتے پکڑے گئے‘

تصویر کے کاپی رائٹ TV9
Image caption لکشمن سوادي کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو دیکھا ہے لیکن وہ اسے جرم نہیں سمجھتے۔

کرناٹک میں بی جے پی حکومت کے دو وزراء کو اسمبلی کی کارروائی کے دوران اپنے موبائل فون پر مبینہ طور پر فحش ویڈیو دیکھتے ہوئے عکس بند کر لیا گیا ہے۔

ایک مقامی ٹی وی چینل نے تعاون کے وزیر لکشمن سوادی اور عورتوں اور بچوں کی بہبود کے وزیر سی سی پاٹل کو ایک ویڈیو دیکھتے ہوئے دکھایا ہے۔

سوادی نے بعد میں کہا کہ انہوں نے یہ ویڈیو دیکھ ہے لیکن وہ اسے جرم نہیں سمجھتے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق لکشمن سوادی نے کہا، ’یہ فلم ایک دوسرے وزیر کرشنا پالیمر کے موبائل فون پر تھی۔ ویڈیو کلپ میں عورتیں ناچ رہی تھیں اور بعد میں چار آدمیوں نے ان کا ریپ کیا۔ پالیمر نے مجھے بتایا کہ بیرون ملک میں ایسی ریو پارٹیاں ہوتی ہیں۔ چونکہ ایوان میں مالپے میں ہوئی ریو پارٹی پر بحث چل رہی تھی لہٰذا میں نے یہ فلم دیکھی۔‘

بعد میں یہ فوٹیج کئی دیگر مقامی اور قومی چینلوں پر بھی دیکھی گئی ہے۔ اس فوٹیج میں پہلے سوادي اپنے فون پر ایک ویڈیو دیکھ رہے ہیں اور اس کے بعد تھوڑی دیر کے لئے پاٹل بھی ان کے پاس آتے ہیں۔

ان دونوں وزرا کا تعلق شمالی کرناٹک کے اضلاع سے ہے اور اس واقعہ کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

حزب اختلاف نے ان دونوں کا استعفٰے کا مطالبہ کیا ہے۔

کرناٹک کے وزیر اعلی سداند گوڑا چكمگلور ضلع کے دورے پر ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انہوں نے کہا، ’اگر وزراء کو ایوان کے اندر پورن ویڈیو دیکھنے کا مجرم پایا گیا ہے تو اس پر قانون ساز اسمبلی کے صدر ہی کارروائی کر سکتے ہیں‘۔

اسمبلی صدر کے جی بوپييا نے کہا، ’میں اس معاملے پر غور کر رہا ہوں۔ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی‘۔

کرناٹک میں اسمبلی سیکریٹریٹ دُوردرشن کے علاوہ مقامی نجی ٹی وی چینلوں کو بھی ایوان کی کارروائی کا نشریات کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

اپوزیشن پارٹی کانگریس کے رہنماؤں نے دونوں وزراء کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو انہیں برطرف کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو ان وزراء کو ایوان میں داخل نہیں ہونے دینا چاہیے۔

سابق وزیر اعلی ایچ ڈی كماراسوامي نے بھی وزراء کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی اسمبلی رکنیت بھی چھین لینی چاہیے۔

اسی بارے میں