عوام مخالف بجٹ ہے: حزب اختلاف

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption پرنب مکھرجی کے اس بجٹ پر صنعتی شعبے نے بھی مایوسی ظاہرکی ہے

بھارتی وزیراعظم نے منموہن سنگھ کا کہنا ہے کہ تازہ بجٹ کا خاص مقصد اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ پرنب مکھرجی نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر اچھا بجٹ پیش کیا ہے۔

مسٹر سنگھ کے مطابق مالی خسارہ توقع سے زیادہ ہے اور وزیر خزانہ نے اسی کو کم کرنے کے لیے اپنے بجٹ میں اہم اقدامات کیے ہیں۔ وہ سبسڈی کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضروری اشیاء جیسے پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں گی اور ’ہم اس پر اپنی اتحادی جماعتوں سے بات کریں گے۔‘

’اتحادی جماعتوں کو تو ساتھ لینا ہی پڑتا ہے‘ مشکلات رہی ہیں اور رہینگی لیکن اگر ملک کی اقتصادیات کو مینیج کرنا ہے تو فیصلے سخت لینے ہی پڑتے ہیں۔‘

مسٹر سنگھ نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ دنیا میں مندی کا ماحول ہونے کے باوجود بھارت نے اپنی معاشی ترقی کی رفتار جاری رکھی اور اب بھی وہ آگے چلنے والوں میں سے ہے۔

لیکن حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس بجٹ پر سخت نکتہ چینی کی ہے اور اس بجٹ کو عوام مخالف قرار دیا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما مختار عباس نقوی نے کہا ’اس بجٹ سے قیمتیں اور بڑھیں گی جس سے عام آدمی متاثر ہوگا۔ یہ پرنب مکھرجی کا ناکام معاشی فارمولہ ہے۔ اس سے قیمتیں زمین سے آسمان پر پہنچیں اور عام لوگ اس کی مار جھیلے گا۔‘

بائیں محاذ نے بھی اس بجٹ کو عوام مخالف قرار دیا ہے۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سرکردہ رہنما سیتا رام یچوری نے کہا کہ مالی خسارے کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا گيا ہے۔

ا نکا کہنا تھا کہ یہ بجٹ بغیر کسی مقصد کا اور ’کلیرکل بجٹ‘ ہے۔ وزیر خزانہ کو اسے پیش کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی، حکومت کا کوئی چپراسی اسے بتا دیتا کیونکہ یہ بجٹ بے سمت اور بے مقصد ہے۔‘

حکومت کی اتحادی جماعت ترنمول کانگریس نے اسے برداشت کا بجٹ قرار دیا ہے۔ پارٹی کے رہنما سلطان احمد نے کہا ’یہ صورت حالت کو جوں کا توں برقرار رکھنے والا بجٹ ہے۔ نا خوشی اور نا غم۔‘

بھارت کے صنعتی شعبے نے بھی اس بجٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ دلی میں ایوان صنعت و تجارت کے صدر آر وی کنوریہ نے کہا ہے کہ ’اس سے اقتصادی ترقی کی رفتار بڑھانے میں مدد نہیں ملے گي اور عام اشیاء کی قیمتیں بہت بڑھیں گی۔‘

سی کے برلا کمپنی کے مالک سدھارت برلا نے کہا ’یہ موقع ضائع کرنا کے مترادف ہے۔‘

اسی بارے میں