صدر زرداری کے لیے انگوٹھی اور امن کی دعا

اجمیر کا ایک منظر تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ دوسرا موقع ہے جب صدر زرداری اجمیر درگاہ کی زیارت کریں گے۔ اس سے قبل سنہ 2005 میں وہ اپنی مرحوم اہلیہ اور پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے ساتھ یہاں آئے تھے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے ایک روزہ بھارت کے نجی دورے کے دوران اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے خادم صدر زرداری کو ایک چاندی کی انگوٹھی اور دعاؤں کے پھول پیش کریں گے۔

صدر آصف علی زرداری اتوار کی دوپہر بھارت کے دارلحکومت دلی پہنچے ہیں جہاں وہ پہلے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے اور اس کے بعد خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کی زیارت کے لیے اجمیر جائیں گے۔

صدر آصف علی زرداری کے ساتھ انکے بیٹے بلاول بھٹو، پاکستانی وزیر داخلہ رحمن ملک کے علاوہ چالیس اعلیٰ اہلکاروں پر مشتمل ایک وفد بھارت پہنچا ہے۔

صدر زرداری کی آمد سے پہلے اجمیر میں سیکورٹی کے انتظامات سخت ہیں۔ اجمیر شریف درگاہ کے خادموں کا کہنا ہے کہ وہ صدر زرداری کو تحفے کے طور پر ایک چاندی کی انگوٹھی اور دعاؤں کے پھول پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے جب صدر زرداری اجمیر درگاہ کی زیارت کریں گے۔ اس سے قبل سنہ 2005 میں وہ اپنی مرحوم اہلیہ اور پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے ساتھ یہاں آئے تھے۔

سید اقبال کپتان اجمیر درگاہ کے خادم ہیں اور انہوں نے یہاں بے نظیر بھٹو اور پرویز مشرف جیسے لیڈران کو چادر چڑاھتے دیکھا ہے۔

ان کا کہنا ہے ’ہم زرداری صاحب اور انکے بیٹے کو چاندی کی انگوٹھی پہنائیں گے اور اگر انکی بیٹیاں آئیں تو انہیں برسلیٹ پہنائیں گے۔ لیکن سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہم انکے لیے دعا کریں گے۔ خواجہ کے دربار کا سب سے بڑا تحفہ دعا ہے۔‘

صدر زرداری کی آمد سے پہلے اجمیر کی درگاہ پر سیکورٹی سخت ہے اور آج دوپہر سے درگاہ پر عام عوام کی آمد ممنوع ہے۔

راجستھان پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے سنیچر کو دو گھنٹے تک موک ڈرل کیا۔

اسی بارے میں