بھارت: ریاست بہار ترقی میں سب سے آگے

نتیش کمار
Image caption نتیش کمار کے دورِ اقتدار میں بہار کی ریاست بھارت کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست بن کر ابھری ہے

ایک زمانے میں ریاست بہار کو بھارت کی پسماندہ ترین ریاستوں میں سے ایک تصور کیا جاتا تھا۔ لیکن یہ تصور بدل چکا ہے اور اب بہار بھارت کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست بن گی ہے۔

شماریات کے مرکزی محکمہ کی جانب سے پلاننگ کمیشن کو مہیا جانے والے اعداد و شمار کے مطابق بہار لگاتار دوسرے سال سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست ہے۔

اس سال بہار کی ترقی کی شرح تیرہ اعشاریہ ایک فیصد رہی۔ گزشتہ برس اس کی شرح ترقی چودہ اعشاریہ سات فیصد تھی۔ واضح رہے کہ دہلی اور پنجاب جیسی ریاستوں کو بھی بہار نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ترقی کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر دلّی ہے اور اس کی ترقی کی شرح گیارہ اعشاریہ تین فیصد ہے جبکہ پنجاب کی شرح ترقی صرف پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد ہے۔

گجرات جس کی شہرت سب سے زیادہ ترقی کرنے والی ریاست کے طور پر ابھری ہے اس کی شرح ترقی بھی بہار سے کم ہے۔

یہ اعداد و شمار مرکزی شماریات کےشعبے نے پلاننگ کمیشن کو مہیا کیے ہیں۔

بہار کی شرح ترقی کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک کی ترقی میں بہار کا تعاون بڑھا ہے جبکہ دوسری ریاستوں کا کم ہوا ہے۔

مثال کے طور پر اترپردیش، ناگالینڈ، اروناچل پردیش، ہریانہ، کیرالہ، اور کئی دوسری ریاستوں کی شرح ترقی میں کمی آئی ہے۔

جن ریاستوں کی شرح ترقی گزشتہ سال کے مقابلے بڑھی ہے ان میں آسام، گوا، جموں و کشمیر، دلّی اور چھتیس گڑھ ہیں۔ اس میں بہار کا نام اس لیے نہیں کہ گزشتہ سال کے مطابق بہار کی ترقی میں کمی ہوئی ہے یعنی اس کی ترقی کی شرح چودہ اعشاریہ سات فیصد سے گھٹ کر تیرہ اعشاریہ ایک فیصد رہی ہے۔

اسی بارے میں