آروشی کے والدین کے خلاف مقدمۂ قتل شروع

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

دلی کے نواحی علاقے نوئیڈا میں آروشی- ہیم راج دوہرے قتل کے معاملے میں آروشی کے والدین کے خلاف قتل کے مقدمے کی سماعت جمعہ کو شروع ہوگئی ہے۔

بھارت کے مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی نے آروشی کے ولادین راجیش تلوار اور نوپر تلوار کو اہم ملزم بنایا ہے۔

واضح رہے کہ اس قبل گزشتہ روز نوپر تلوار نے سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دی تھی جسے عدالت نے خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔

نوپر تلوار نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی کہ انہیں اور انکے خاوند کو آروشی- ہیم راج قتل کے معاملے میں ملزم بنانے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

سی بی آئی کے وکیل آر کے سینی نے بتایا تھا کہ ’نظر ثانی کی درخواست خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ غازی آباد کی فیصلہ صحیح ہے اور مجسٹریٹ نے فیصلے کے صحیح ہونے کی وجوہات بھی بتائیں۔ اس کے علاوہ نظرثانی کی درخواست کے خارج ہونے کے ساتھ ساتھ ضمانت کی عرضی بھی خارج ہوجاتی ہے‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد کی ایک عدالت نے آروشی کے والدین پر قتل کا مقدمہ چلانے کا فیصلہ سنایا تھا۔

چودہ سالہ آروشی کی لاش پندرہ مئی دو ہزار آٹھ میں ان کے بیڈ روم میں ملی تھی اس کے دوسرے دن ان کے نوکر ہیم راج کی لاش ان کے گھر کی چھت سے برآمد کی گئی تھی۔

یہ معاملہ انتہائی پراسرار بنا ہوا ہے اور اس میں عوام کی گہری دلچسپی پائی جاتی ہے۔

اس قتل کے بعد کئی مرحلوں پر بھارت کی مختلف تفتیشی ایجنسیوں نے متعدد لوگوں پر شک کا اظہار کیا تھا یہاں تک کہ بھارت کے سب سے بڑے تفتیشی ادارے سی بی آئی نے اس معاملے کو نہ سلجھنے والا معمہ کہہ کر بند کرنے کی اپیل کی تھی لیکن سپریم کورٹ کے ایماء پر اس کے متعلق دوبارہ جانچ شروع کی گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption چودہ سالہ آروشی کی لاش پندرہ مئی دو ہزار آٹھ میں ان کے بیڈ روم میں ملی تھی

اس سے قبل بھی سی بی آئی نے اپنی تفتیشی رپورٹ میں آروشی کے والدین پر واقعاتی نوعیت کی بنیاد پر شک ظاہر کیا تھا لیکن اس وقت یہ کہا تھا کہ اس کے لیے ثبوت حاصل کرنا ممکن نہیں ہو سکے گا۔

اس مقدمے کی ابتدائی تفتیش دلی کے علاقے نوئیڈا کی پولیس نے کی تھی اور اس نے اپنی رپورٹ میں آروشی کے والد راجیش تلوار کو قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

سی بی آئی نے غازی آباد کی عدالت میں اس سے قبل تیس صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کی تھی اس میں بھی آروشی کے قتل میں والدین پر شک ظاہر کیا گیا تھا۔ لیکن ادارے کا کہنا تھا کہ اس معاملے کے بیشتر ثبوت مٹا دیے گئے ہیں اس لیے مقدمہ بند کر دیا جائے۔

سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ نوپر تلوار مختلف عدالتوں میں اپیل دائر کر کے معاملے کو الجھانا چاہتی ہیں۔

تفتیش کے دوران ایجنسیاں اس ہتھیار کا بھی پتہ نہیں لگا پائی تھیں جس سے آروشی کا گلا کاٹا گیا تھا۔ آروشی کا فون بھی پندرہ مہینے بعد ملا تھا اور اس کی میموری سے ڈیٹا مِٹا دیا گیا تھا۔

نوپور اور راجیش تلوار نوئیڈا کے سرکردہ ڈاکٹر ہیں اور وہاں ایک متمول رہائشی علاقے میں رہتے ہیں۔ شروعات سے ہی دونوں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں