رشوت پر ضمانت، دو حاضر سروس جج گرفتار

گالی جناردن ریڈی (فائل فوٹو) تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گالی جناردن ریڈی پر ‏اپنی ضمانت کے لیے رشوت دینے کا الزام ہے۔

بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں بدعنوانی کی روک تھام کرنے والے ادارے نے ریاست کرناٹک کے ایک سابق وزیر جناردن ریڈی کو رشوت لے کر ضمانت دینے پر دو مزید حاضر سرس ججوں کوگرفتار کیا ہے۔

اس سے قبل لوہے کی غیر قانونی کان کنی کے ملزم گالی جناردن ریڈی کی ضمانت کے معاملے میں ایک معطل جج سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دارالحکومت حیدرآباد میں اینٹی کرپشن بیورو نے فیملی کورٹ اور شری کاکولم کے سیشن جج جی پربھاکر راؤ اور ایک دوسرے جج لکشما نرسمہا کو ان کی رہائش گاہوں سےگرفتار کیا ہے۔

اس سے پہلے سکیورٹی حکام نے ان ججز کے مکانات پر چھاپے مارے تھے جس کے بعد انہیں معطل کر دیا گيا تھا۔

غیر قانونی کان کنی کے ملزم اور ریاست کرناٹک کے سابق وزیر جناردن ریڈی کی رشوت کے عوض ضمانت کے معاملے میں اب تک تین ججوں سمیت سات افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

اس سے پہلے مسٹر ریڈی کو ضمانت دینے والے جج پٹّابھی راما راؤ کے بیٹے روی چاند اور ایک ریٹائرڈ جج چلپتی راؤ کو حراست میں لیا تھا۔

اس معاملے میں بھارت کے سب سے بڑے تفتیشی ادارے سی بی آئی نے ملزم جج اور دیگر نو افراد کے خلاف پہلے ہی مقدمہ درج کیا تھا۔

اس سے قبل مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے اس بات کا پتہ لگایا تھا کہ مئی کے مہینے میں جناردن ریڈی کو ضمانت دلانے کے لیے سی بی آئی کی عدالت کے جج کو دس کروڑ روپے رشوت کی شکل میں دیے گئے تھے۔ بعد میں سی بی آئی نے اس معاملے کی تفتیش اینٹی کرپشن بیورو کے حوالے کر دی تھی۔

Image caption گالی جناردن ریڈی پر غیر قانونی کان کنی کا بھی الزام ہے۔

سولہ جون کو اینٹی کرپشن بیورو نے حیدرآباد میں پٹّابھی راماراؤ کے گھر کی تلاشی لی تھی اور ان کے بیٹے روی چاند کو گرفتار کر لیا تھا۔

بعد میں انہیں بینک لے جایا گیا جہاں مبینہ طور پر انھوں نے رشوت میں ملی رقم لاکر میں رکھی تھی۔ لیکن حیرت انگیز طور پر وہ رقم وہاں نہیں پائی گئی۔

سی بی آئی اس معاملے میں پہلے ہی پانچ کروڑ سے زیادہ رقم ضبط کر چکی ہے۔ رشوت ستانی کا یہ پورا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سی بی آئی نے آندھر پردیش ہائی کورٹ کی اجازت سے جج کی فون پر ہونے والی بات چیت سنی۔

سی بی آئی کی شکایت پر ہائی کورٹ نے جج کو معطل کر دیا اور گالی جناردن ریڈی کی ضمانت کو کالعدم قرار دیا۔

گزشتہ سال گرفتار کیے گئے جناردن ریڈی فی الحال کرناٹک ریاست کے دارالحکومت بنگلور کی جیل میں قید ہیں کیونکہ کرناٹک کے بلاری ضلعے میں غیرقانونی کان کنی کا ایک مقدمہ ان پر چل رہا ہے۔

اسی بارے میں