بالی وڈ اداکارہ لیلیٰ خان ’قتل‘

لیلی خان تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لیلیٰ خان، والدہ، بھائی، بہن اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ کافی دنوں سے لاپتہ ہیں

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کی ادا کارہ لیلیٰ خان کے فارم ہاؤس سے چند انسانی ڈھانچے برآمد ہو ئے ہیں اور لگتا ہے کہ وہ ہلاک کر دی گئی ہیں۔

اداکارہ لیلیٰ خان، ان کی والدہ سلینا اور ان کے چار دیگر اہل خانہ ممبئی سے گزشتہ برس فروری سے لا پتہ ہیں اور تب سے پولیس اس کیس کو حل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

لیلیٰ خان نے کئی فلموں میں کام کیا تھا لیکن راجیش کھنّہ کے ساتھ ان کی فلم وفا کافی مشہور ہے جس میں پیار و محبت پر مبنی ایک خطرناک کہانی پیش کی گئی تھی۔

پولیس نے کچھ روز پہلے لیلیٰ خان کے سوتیلے والد پرویز ٹاک کو گرفتار کیا تھا اور پولیس کا کہنا ہے کہ پرویز ٹاک نے لیلیٰ سمیت دیگر افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

پرویز ٹاک سے پوچھ گچھ کے بعد ہی پولیس نے لیلیٰ کے فارم ہاؤس سے انسانی ڈھانچے برآمد کیے اور پولیس کا کہنا ہے کہ اب اس کے ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج انتظار ہے۔

ممبئي میں کرائم برانچ کے جوائنٹ پولیس کمشنر ہمانشو رائے نے ایک پریس کانفرنس میں اس کیس کے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ممبئي کے مضافاتی علاقے اگتپوری میں لیلیٰ کے فارم ہاؤس سے چھ انسانی ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لیلیٰ کی فلم وفا ان کی معروف فلم ہے جس میں انہوں نے راجیش کھنہ کی بیوی کا کردار کیا تھا

مسٹر ہمانشو کے مطابق چھ ڈھانچوں میں سے ایک مرد کا ہے اور وہ لگتا ہے کہ لیلیٰ کے بھائي عمران کی لاش ہے باقی پانچ خواتین کے ڈھانچے ہیں۔

ڈی این اے ٹیسٹ کو لیلیٰ کے اصلی والد نادر پٹیل سے میچ کیا جائے گا جو ابھی حیات ہیں۔ پولیس نے فارم ہاؤس سے لوہے کی سلاخ اور دو چاقو بھی بر آمد کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق پرویز ٹاک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی بیوی سلینا سے ان کے پہلے شوہر کے ساتھ قریبی رشتوں کی وجہ سے ناراض تھے۔ پرویز سلینا کے تیسرے شوہر ہیں۔

پولیس کمشنر ہمانشو رائے نے میڈیا کو بتایا کہ جائیداد کا بھی کچھ جھگڑا تھا لیکن سلینا اپنے بچوں کے ساتھ دبئی میں شفٹ ہونا چاہتی تھیں جبکہ پرویز کے پاس پاسپورٹ نہیں تھا اس لیے انہیں لگا کہ شاید سب انہیں چھوڑ کر چلے جائیں گے۔

فارم ہاؤس پر پارٹی کے بعد رات میں میاں بیوی میں جھگڑا ہوا اور ٹاک نے پہلے سلینا کو قتل کیا اور بعد میں سکیورٹی گارڈ کی مدد سے دیگر افراد کو ہلاک کیا۔

اسی بارے میں