کنبھ:نشریاتی حقوق کا منصوبہ مسترد

آخری وقت اشاعت:  اتوار 2 ستمبر 2012 ,‭ 13:01 GMT 18:01 PST

سال دو ہزار ایک میں منعقدہ میلے میں چار کروڑ لوگوں نے شرکت کی تھی

بھارتی ریاست اترپردیش میں حکام کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہندوؤں کے سب سے بڑے اجتماع کنبھ میلے کے نشریاتی حقوق فروخت کرنے کا منصوبہ رد کر دیا گیا ہے۔

حکومت اس میلے کے نشریاتی حقوق فروخت کر کے اس پر آنے والے اخراجات کو کم کرنا چاہتی تھی لیکن مذہبی رہنماؤں نے اس تجویز پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آئندہ سال منعقد ہونے والے میلے کو کاروبار بنانا انتہائی توہین آمیز ہو سکتا ہے۔

ہندوستان کے شمالی شہر الہ آباد میں تین دریاؤں کے سنگم پر لاکھوں ہندو عقیدت مند ٹھنڈے پانی میں’اسنان‘ کر کے (نہاکر) کنبھ میلے کا آغاز کرتے ہیں۔

ہندوؤں کا ایمان ہے کہ ان دریاؤں کے سنگم پر نہانے سے ان کے گناہ دھُل جاتے ہیں۔

سال دو ہزار ایک میں منعقدہ میلے میں چار کروڑ لوگوں نے شرکت کی تھی اور آئندہ سال توقع ہے اس سے زیادہ تعداد میں لوگ آئیں گے۔

رواں سال مئی میں ریاست کے چیف سیکرٹری جاوید عثمانی نے مقامی انتظامیہ کو ایک خط لکھا تھا کہ ’آمدن حاصل کرنے کے لیے میلے کے نشریاتی اور تشہری حقوق نیلام کیے جائیں‘۔

اگرچہ یہ ایک مذہبی میلہ ہے لیکن ریاست سکیورٹی، صفائی ستھرائی جیسی سہولیات مہیا کر کے میلے کے انعقاد میں مدد کرتی ہے۔

مذہبی رہنما ہمیشہ سے ریاست یا بڑے کاروباری اداروں کی جانب سے اس میلے سے فوائد اٹھانے کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میلے کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اس تک میڈیا کی رسائی کے حقوق کو فروخت بھی نہیں کر سکتی ہے۔

بی بی سی کو میلے کے نشریاتی حقوق فروخت کرنے کی معلومات حاصل ہونے کے بعد سے یہ معاملہ متنازع بن گیا تھا اور ریاست کے اعلیٰ حکام نے بھی اس تجویز پر اتر پردیش کی انتظامیہ سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ میلے میں شرکت کرنے والے لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے اکٹھے ہوتے ہیں اور اس صورت میں غیر متعلقہ افراد کو عکس بندی کرنے سے روکنا کیسے ممکن ہو گا۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔