بھارت: سفید انقلاب کے بانی انتقال کر گئے

آخری وقت اشاعت:  اتوار 9 ستمبر 2012 ,‭ 09:15 GMT 14:15 PST
ورگھیس کورئین

ورگھیس کورئین نے بھارت کو دنیا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک بنا دیا

بھارت میں سفید انقلاب اور امول برانڈ کے بانی ورگھیس کورئین کا ریاست گجرات میں نوے برس کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔

ورگھیس کورئین کا تعلق ریاست کیرالا سے ہے۔

ورگھیس کورئین کو گجرات کے آنند شہر میں ڈیری مصنوعات کا کاروبار قائم کرنے اور بھارت کو دنیا کا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

سنہ انیس سو تہتر میں انہوں نے گجرات کارپوریٹ ملک مارکیٹنگ فیڈریشن (جی سی ایم ایم ایف) سے پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا اور چونتیس برس کی عمر میں اس کے ڈائریکٹر بن گئے۔

جی سی ایم ایم ایف ہی امول کی مصنوعات بناتی ہے جس میں سے امول مکھن پورے بھارت اور دنیا کے مختلف حصوں میں بے حد مقبول ہے۔

جی سی ایم ایم ایف دودھ مصنوعات بنانی والی غیر سرکاری تنظیم ہے۔ اس تنظیم میں گیارہ ہزار سے زیادہ دیہات کے بیس لاکھ کسان اس کے ممبر ہیں۔

کورئین نے بھارت میں دودھ کے کاروبار کو نہ صرف عالمی سطح پر لا کھڑا کیا بلکہ اپنے کاروباری ماڈل سے ریاست گجرات اور ملک بھر کے لاکھوں لوگوں کو کاروبار کے مواقع پیدا کیے۔

بھارت میں دودھ سے بنی مصنوعات میں امول سب سے مقبول ترین برانڈ ہے اور چالیس برس جیسے لمبے عرصے میں بھی امول کے برانڈ کو کوئی اور برانڈ چیلنج نہیں کر سکا ہے۔ آج امول مکھن بھارت کے ہر گھر میں صبح کے ناشتے کا اہم حصہ ہے۔

کورئین کی زندگی میں ان کے کارناموں اور بھارت کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے حکومت ہند نے انہیں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن جیسے اعلیٰ شہری اعزازات دیے تھے۔

سنہ انیس سو پچانوے میں انہیں ریمن ميگسیسے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

کورئین کے انتقال پر ان کے برانڈ کو چاہنے والے اور خاص طور سے امول مکھن کے شوقین صارفین نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک چاہنے والوں نے لکھا ہے کہ ’کورئین تم ہر صبح ناشتے کی میز پر یاد آؤ گے۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔