بھارت: طوفان کی شدت میں کمی، سات ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 1 نومبر 2012 ,‭ 08:08 GMT 13:08 PST
نیلم طوفان سے متاثر افراد

اہلکاروں کا کہنا ہے نیلم طوفان کی شدت اب کم ہوگئی ہے

بھارت کی جنوبی ریاستیں آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ’نیلم‘ کے سبب سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دونوں ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں ابھی بھی تیز بارش ہورہی ہے تاہم طوفان کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

اس طوفان کی وجہ سے تمل ناڈو اور پونڈیچیری میں کم از کم پانچ افراد کی موت ہوئی جبکہ چھ افراد لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش میں کم از کم دو افراد کی ہلاکت کی خبر ہے۔

تمل ناڈو میں ایک جہاز تیز ہوا کے سبب سمندری ساحل تک پہنچ گیا۔ پانی کا یہ جہاز چنئی کے بندرگاہ پر سامان اتار کر ممبئی جارہا تھا کہ طوفان کی لپیٹ میں آگیا۔

اس جہاز پر سینتیس ملازمین سوار تھے۔ طوفان آنے پر ان میں سے بائیس ملازمین گھبرا کر سمندر میں کود گئے جنہیں بچا کر جس کشتی میں لایا جارہا تھا وہ راستے میں ٹوٹ گئی۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک ملازم کی موت ہوگئی اور ایک لاپتہ ہے۔

خلیج بنگال میں ہوا کے زبردست دباؤ کے سبب منگل کی صبح تمل ناڈو اور آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں زبردست بارشوں اور تیز ہوا چلنی شروع ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ طوفان کی شدت اب کم ہوگئی ہے اور اس سے مزید نقصان کا خدشہ نہیں ہے۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے زیادہ نقصان اس لیے نہیں ہوا کیونکہ جس وقت وہ ساحل سے ٹکرایا اس وقت اس کی رفتار پچھہتر کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

واضح رہے کہ منگل کو اہلکاروں نے کہا تھا کہ اس سے بہت تیز اور زبردست بارشیں ہوں گی اور نوے سے سو کلو میٹر فی گھنٹے کے رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔

ریاستی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ طوفان اور بارش کے سبب کچے مکانوں اور جھونپڑیوں کو نقصان ہوا ہے۔

آندھرا پردیش کے علاقے نیلور سے وشاکھاپٹنم تک کے ساحلی علاقوں کے ساتھ رائلسیما کے علاقوں کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

کئی مقامات پر سڑکیں پانی کے ساتھ بہہ گئی ہیں جس سے آنے جانے میں دشواری ہورہی ہے۔

آندھرا پردیش کے ریونیو سیکریٹری جتندر ناتھ سوین کا کہنا ہے طوفان کے سبب جو نقصان ہوا ہے اس کا صحیح اندازہ لگانے میں ابھی کچھ اور وقت لگے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ مہابلی پورم کے جن چار ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جایا گیا تھا وہ جمعرات سے اپنے گھر واپس لوٹنا شروع کردیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔