قومی ترانے کا عالمی ریکارڈ بھارت کے نام

آخری وقت اشاعت:  پير 10 دسمبر 2012 ,‭ 13:20 GMT 18:20 PST
کانپور

عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں کانپور کے گرین پارک میں جمع ہوئے

بھارت کے ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں نے اکٹھے بھارت کا قومی ترانہ گا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور کے ایک اسٹیڈیم میں لوگ بھارتی قومی ترانہ گانے کے لیے جمع ہوئے جہاں گِنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

عالمی ریکارڈز کی سند دینے والے ادارے گِنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے وہاں موجود لوگوں کی تعداد کی توثیق کی۔

جس کے بعد پاکستان کی جانب سے حال ہی مںی قائم کیا گیا عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا گیا۔

اس سے قبل اسی سال اکتوبر کے مہینے میں پاکستان میں چوالیس ہزار دو سو لوگوں کے ساتھ مل کر لاہور میں پاکستان کا قومی ترانہ گا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے راجیش مہرا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ایک چودہ رکنی ٹیم ویڈیو کیمرے سے لیس ہو کر گرین پارک اسٹیڈیم پہنچی اور انہوں نے اس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ ’اس میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگ شامل تھے۔ ہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کے سامنے ایک ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور پھر باضابطہ طور پر اس کا اعلان کیا جائے گا‘۔

جن من گائے

لوگوں کو دعوت دینے والے اس پوسٹر میں لکھا ہے: 'جن من گائیے، گینیز عالمی ریکارڈ بنائيے'

اس تقریب کے منتظمین میں سے ایک سُمیت مکھیجا کا کہنا تھا کہ ایک ساتھ مل کر قومی ترانہ گانے کی اس تقریب میں ایک لاکھ پچیس ہزار سے زیادہ لوگ شامل ہوئے اور ہر شخص نے کلائی پر بینڈ باندھ رکھا تھا۔

ایک مقامی تنظیم نے روڈ شو اور عوامی میٹنگوں کے ذریعہ اسکولوں اور کالجوں میں اس تقریب کے لیے طلبہ میں دلچسپی پیدا کرنے کی مہم چلائی۔ انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹوں اور موبائل فون کے ذریعے بھی لوگوں کو شرکت کی دعوت دی۔

انھوں نے کہا: ’ہم نے پاکستان کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے ایک لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا ہدف رکھا تھا لیکن وہاں سوا لاکھ لوگ جمع ہو گئے‘۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہم نے ایک ساتھ مل کر ترانہ گانے کے فوراً بعد اپنے پروگرام کو ختم کر دیا تا کہ کسی قسم کی بھگدڑ سے بچا جا سکے‘۔

پروگرام میں شامل ایک شخص راجیش چندر کا کہنا تھا: ’یہ میرے لیے فخر کا لمحہ تھا کہ میں نے اس میں حصہ لیا اور پاکستان کے ریکارڈ کو توڑ کر عالمی ریکارڈ بنایا‘۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پہلے بھی یہ ریکارڈ بھارت کے نام تھا جب بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد کے پندرہ ہزار دو سو تینتالیس لوگوں نے مل کر مشترکہ طور پر قومی ترانہ گانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اکتوبر میں پاکستان کے شہریوں نے لاہور میں مجتمع ہو کر سب سے زیادہ تعداد میں ایک ساتھ ایک جگہ جمع ہوکر قومی ترانہ گانے کے بھارتی ریکارڈ کو توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔