غرباء کیلیے سبسڈی براہِ راست اکاؤنٹ میں

آخری وقت اشاعت:  منگل 1 جنوری 2013 ,‭ 09:00 GMT 14:00 PST

تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد آسان نہیں ہوگا

بھارت میں حکومت نے غرباء کو نقد سبسڈی دینے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر بیس اضلاع کے غریب افراد کے بینک اکاؤنٹس میں براہِ راست رقم منتقل کی جائے گی۔

مرکزی وزیرِ خزانہ پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ ابتداء میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکیں گے اور 2013 کے اختتام تک ملک کے تمام غریب لوگ اس کے دائرے میں آ جائیں گے۔

ادھر حزب اختلاف نے الزام لگایا ہے کہ حکومت اس منصوبے کے ذریعے ملک کے لوگوں کو 2014 کے انتخابات سے پہلے رشوت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

براہ راست فائدہ ٹرانسفر سکیم کے تحت حکومت نے تین ہزار دو سو ارب روپے تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت 26 بہبود سکیموں کا پیسہ لوگوں کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقل کیا جائے گا۔

ابتدائی بیس اضلاع کے بعد یکم فروری سےگیارہ اور یکم مارچ مزید بارہ اضلاع میں یہ سکیم نافذ ہوگی۔

اس منصوبے کے تحت غربت کی لکیر سے نیچے رہنے والے لوگوں کو تیس فلاحی سکیموں کے تحت ہر سال تیس سے چالیس ہزار روپے مل سکتے ہیں۔

منصوبہ شروع ہونے سے ایک دن پہلے وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کی شکل بدل کر رکھ دے گا اور پہلی بار کسی شخصیت کی مداخلت کے بغیر سرکاری پیسہ عام بھارتي کے اکاؤنٹ میں براہِ راست پہنچے گا۔

چدمبرم کا کہنا تھا کہ فی الحال حکومت کھانے، کھاد، ڈیزل اور كروسين کے لیے نقد سبسڈی دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد آسان نہیں ہوگا کیونکہ ابھی تک صرف بائیس کروڑ لوگ ہی اس بنیادی شناخت سکیم کا حصہ بن پائے ہیں جو یہ سبسڈی لینے کے لیے لازمی ہے۔

بھارت کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت تقریباً چھتیس کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے رہتے ہیں جبکہ ایک دوسرے اندازے کے مطابق ملک کی آبادی کا ایک تہائی حصہ غربت کی لکیر سے نیچے رہتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔