راہول گاندھی کانگریس کے نائب صدر منتخب

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 19 جنوری 2013 ,‭ 16:04 GMT 21:04 PST
راہول گاندھی

بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس پارٹی کے اجلاس میں راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

اس طرح وہ پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے بعد کانگریس کے دوسرے اہم ترین رہنما بن گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ جماعت کے جنرل سیکرٹری تھے۔

پارٹی کے ترجمان جناردن دویدی نے راہول گاندھی کو کانگریس نائب صدر بنائے جانے کی خبر میڈیا کو دی۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی رہنمائی بھی کریں گے۔

ان کے مطابق جے پور اجلاس میں سینیئر کانگریس لیڈر اے کے انٹونی نے راہول گاندھی کو پارٹی کا نائب صدر بنائے جانے کی تجویز پیش کی جس کی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان نے میز تھپتھپا کر حمایت کی۔

واضح رہے کہ یہ قدم سونیا گاندھی کی منظوری کے بعد ہی اٹھایا گیا ہے۔

کانگریس کے اس فیصلے کے ساتھ ہی یہ واضح ہو گیا ہے کہ آنے والے وقت میں راہول گاندھی پارٹی کے امور میں اب اور اہم کردار ادا کریں گے۔

ایک اور اہم بات یہ ہے کہ اس سے قبل کانگریس میں نائب صدر کی روایت نہیں رہی ہے لیکن پارٹی میں ان کی اہمیت کو بڑھانے اور انہیں سونیا گاندھی کے بعد دوسرے نمبر پر لانے کے لیے کانگریس نے یہ فیصلہ لیا ہے۔

کانگریس کارکنوں کا جشن

راہل گاندھی امیٹھی سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہیں

بہرحال حزب اختلاف کی اہم جماعت بی جے پی کا کہنا ہے کہ راہول گاندھی پہلے سے ہی پارٹی میں نمبر دو تھے، ان کے عہدے میں اضافے سے نہ تو پارٹی کو کوئی فائدہ ہوا ہے اور نہ ہی ملک کو۔

دوسری جانب سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ راہول گاندھی پہلے بھی پارٹی میں نمبر دو کا کردار نبھا رہے تھے لیکن کوئی عہدہ نہیں ہونے سے پارٹی کی کامیابیوں اور ناكاميوں کے تئیں ان کی براہ راست ذمہ داری نہیں تھی لیکن اب نائب صدر بنائے جانے کے بعد پارٹی کے ہر فیصلے کے لیے وہ براہ راست پر ذمہ دار ہوں گے اور ان کے لیے آنے والے انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی سے خود کو دور رکھنا ممکن نہیں ہو سکے گا۔

جے پور میں ہونے والے اس اجلاس میں کانگریس کے کارکنوں کی جانب سے انہیں دوہزار چودہ کے عام انتخابات میں وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا لیکن پارٹی نے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ بعد میں لیا جائے گا۔

دریں اثناء اس خبر کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں کانگریس ورکروں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور جگہ جگہ آتش بازی کے ساتھ اس خبر پر جشن منایا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔