پائلٹ پھنسنے پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

Image caption طیارے کے کاک پٹ کا دروازہ جام ہونے پر اسے ہنگامی طور پر بھوپال اترنا پڑا

بھارت کے شہر دہلی سے بنگلور جا نے والی ائر انڈیا کی پرواز اےاي 403 کو کچھ عجیب و غریب حالات میں بھوپال کے ہوائی اڈے پر اترنا پڑا۔

مگر فکر کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ طیارے میں سوار مسافروں کو کسی طرح کی پریشانی نہیں ہوئی۔

ہوا یوں کہ طیارے کے پائلٹ تھوڑی دیر کے لئے جہاز پر موجود بیت الخلا کیا گئے کہ مصیبت آ گئی۔

جب پائلٹ ٹائلٹ سے واپس آئے، تو کاک پٹ کا دروازہ کھلنے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا جس پر انہوں نے کئی کوششیں کیں۔

کافی کوششوں کے بعد بھی جب دروازہ نہیں کھلا تو اس پر اُس وقت کاک پٹ میں موجود کو پائلٹ اور ایک زیر تربیت پائلٹ موجود تھے۔

اس صوتحال پر کو پائلٹ نے طیارے کی کمان سنبھالی اور حکام سے اجازت لے کر جہاز کو بھوپال کی طرف موڑ لیا اور بلاخر اسے بھوپال کے ہوائی اڈے پر محفوظ اتار لیا۔

بھوپال میں طیارے کے اترنے پر انجینئرز نے کاک پٹ کا دروازہ ٹھیک کیا اور پھر شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد طیارہ بنگلور کے لیے عازم سفر ہوا۔

ایئر انڈیا نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے یہ بتایا ہے کہ اس صورت حال کے دوران تمام حفاظتی معیارات پر عمل کیا گیا اور کسی بھی لمحے مسافروں اور عملے کے ارکان کی سلامتی کو کوئی خطرہ پیدا نہیں ہوا۔