بھارت پاکستان کو جناح کی تقریر دینے پر راضی

Image caption پاکستان کے بانی محمد علی جناح نے رواداری پر جو یادگار تقریر کی تھی اسے آل انڈیا ریڈیو نے پاکستان کے حوالے کرنے کی پیش کش کی ہے

آل انڈیا ریڈیو نے پاکستان کو محمد علی جناح کی وہ دو تقریریں دینے کی پیشکش کی ہے جو اس کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔

تاہم ان میں گیارہ اگست 1947 کا وہ خطاب شامل نہیں ہے جسے حاصل کرنے کے لیے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے گزشتہ برس بھارتی حکام سے رابطہ کیا تھا۔

محمد علی جناح کی تقاریر عام کرنے کا حکم

محمد علی جناح کا اہم خطاب خفیہ رکھا گیا؟

آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل لیلادھر مانڈلوئی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو مطلع کردیا ہے کہ ہمیں اب وزارت خارجہ سے اجازت مل گئی ہے اور اب ہم یہ تقاریر انہیں دے سکتے ہیں ۔۔۔ اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔ وہ جس طرح بھی چاہیں گے انہیں یہ ریکارڈنگ فراہم کرادی جائیں گی۔‘

محمد علی جناح نے گیارہ اگست 1947 کو آئین ساز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نو تشکیل شدہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا ہر طرح سے تحفظ ہونا چاہیے، انہیں اپنے مندروں اور مساجد میں جانے کی آزادی ہو اور ریاست کو ان کے مذہبی عقائد سے کوئی سرو کار نہ ہو۔

ان میں سے ایک تقریر 14 اگست 1947 کی ہے جس میں بانی پاکستان نے مذہبی رواداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اکبر اعظم نے دوسرے مذہب پر عمل کرنے والوں کے تئیں جو رواداری اور خیر سگالی کا جذبہ اختیار کیا تھا وہ کوئی نئی بات نہیں تھی، اس کی بنیاد تیرہ سو سال پرانی ہے جب ہمارے پیغمبر نے یہودیوں اور عیسائیوں کو فتح کرنے کے بعد بھی ان کے ساتھ نہ صرف قول سے بلکہ عملاً بھی بہترین سلوک روا رکھا تھا۔‘

’انھوں نے ان کے ساتھ انتہائی روادارانہ سلوک روا رکھا اور ان کے مذہب اور عقائد کے لیے عزت و احترام کا مظاہرہ کیا۔ جہاں جہاں مسلمانوں نے حکمرانی کی، انہوں نے دوسرے مذاہب اور عقائد کے احترام کے ساتھ اسی ہمدردانہ اور عظیم اصول کی پیروی کی اور ہمیں اسی راستے پر چلنا چاہیے۔‘

دوسری تقریر تین جون 1947 کی ہے جو دہلی میں آل انڈیا ریڈیو سے نشر کی گئی تھی۔ اس کے دو مہینے بعد جناح پاکستان چلے گئے تھے۔ یہ تقریر برطانوی سامراجی حکومت سے ہندوستانی عوام کو اقتدار کی منتقلی کےمجوزہ منصوبے کے بارے میں تھی جس میں جناح بار بار امن قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

پہلے آل انڈیا ریڈیوں نے یہ تقریریں جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کا موقف تھا کہ ان سے پاکستان کے ساتھ رشتے متاثر ہوسکتے ہیں۔

اس خطاب کی کاپی حاصل کرنے کے لیے پی بی سی کے اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل مرتضیٰ سولنگی نے گزشتہ برس مارچ میں پرسار بھارتی سے رابطہ کیا تھا لیکن پرسار بھارتی کا کہنا تھا کہ اس تقریر کی ریکارڈنگ اس کے پاس بھی نہیں ہے۔

انڈیا کے اخباروں میں یہ خبر چھی تو شہری حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکن سبھاش چندر اگروال نے پرسار بھارتی سے معلومات کے حق یعنی رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت ان تمام رہنماؤں کی تقاریر کی تفصیلات مانگیں جو تقسیم کے بعد پاکستان چلے گئے تھے۔

مسٹر اگروال نے چیف انفارمیشن کمیشن سے اپیل کی جس نے پرسار بھارتی کی دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 60 سال سے زیادہ گزر چکے ہیں اور تقریریں جاری نہ کرنے کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔

مسٹر اگروال کا کہنا ہے کہ وہ بنیادی طور پر یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ موجودہ پاکستان ویسا نہیں ہے جیسا جناح بنانا چاہتے تھے اور ’آج وہاں اقلیتوں کے ساتھ زیادتیاں عام ہیں۔‘

اسی بارے میں