’وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کا منتظر ہوں‘

Image caption ہمسایہ ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کا خواہاں ہوں: منموہن سنگھ

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات انہوں نے نیویارک روانہ ہونے سے قبل کہی۔

من موہن سنگھ نے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے نیویارک میں ملاقات کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیپال کے رہنماؤں سے بھی باہمی ملاقات کے خواہاں ہیں۔

اس سال مئی میں انتخابات میں کامیابی کے بعد سے نواز شریف اور ان کی جماعت نے بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی خواہش کا کئی مرتبہ اظہار کیا ہے۔

تاہم پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان کشمیر کے متنازع علاقے میں واقع لائن آف کنٹرول کے آر پار فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے امکانات معدوم ہو گئے تھے۔

گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کے بعد سے اب تک لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے میں چھ پاکستانی اور پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں.

پاکستان اور بھارت کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ سنہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد معطل ہو گیا تھا۔ان حملوں میں166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی بارے میں