ممبئی عمارت حادثے میں 54 ہلاک، 32 زخمی

Image caption عمارت گرنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی

بھارت کے شہر ممبئی میں جمعہ کی صبح ایک چار منزلہ عمارت گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں نے ملبے میں پھنسے مزید 33 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کو حادثے کے وقت عمارت میں 83 سے 89 افراد موجود تھے۔

عمارت گرنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔

عمارت منہدم ہونے کا واقعہ ستائیس ستمبر کی صبح ممبئی کی ڈاکیارڈ روڈ پر پیش آیا تھا۔

ممبئی میں گزشتہ چھ ماہ میں عمارت گرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

اسی سال اپریل میں ایسے ہی ایک حادثے میں 72 افراد ہلاک ہوئے تھے اور جون میں گرنے والی عمارت سے 10 افراد کی لاشیں ملی تھیں جن میں پانچ بچے شامل تھے۔

جائے حادثہ پر موجود پریتی نے خبر رساں ادارے رائیٹرز کو بتایا کہ ان کے خاندان کے پانچ افراد عمارت کے اندر پھنس گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے دو افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم وہ خدا سے دعا کرتی ہیں کہ بقیہ تین افراد کو زندہ باہر آ جائیں۔

بھارت کے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے مقامی کمانڈر الوک کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو عمارت سے کسی شخص کے زندہ بچنے کے آثار نہیں ملے تاہم ان کا کہنا تھا کہ امدادی آپریشن جاری رہے گا۔

حکام کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت میں میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی کے ملازمین کے بیس سے زیادہ خاندان رہائش پذیر تھے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ میونسپلٹی نے رواں برس کے شروع میں اس عمارت کو خالی کرنے کا کہا تھا۔

عمارت گرنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے اور امدادی کام شروع کر دیا گیا تھا۔

جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کے عملے کو خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور عمارت کے ایک تنگ گلی میں واقع ہونے کی وجہ سے گاڑيوں اور مشینوں کو وہاں تک پہنچنے میں دشواری ہوئی جس کے بعد ایک دکان گرا کر گاڑیوں کے لیے راستہ بنایا گیا۔

اسی بارے میں