بی بی سی اردو کے شائقین ایک کروڑ سے زیادہ

Image caption بی بی سی اردو کی پاکستان میں ٹیم کے ارکان

بی بی سی اردو کے ٹی وی پروگرام سیربین کی پاکستان میں لاکھوں ناظرین تک اور ریڈیو میں عالمی براڈکاسٹروں میں سب سے زیادہ پہنچ ہے۔

بی بی سی اردو کے ٹی وی پروگرام سیربین کو پاکستانی ٹی وی چینل آج نیوز پر ہر ہفتے پاکستان میں 56 لاکھ افراد دیکھتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایک جائزے کے نتیجے میں سامنے آئے جس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بی بی سی اردو کے ریڈیو کی رسائی ملک میں نشر کیے جانے والے عالمی براڈکاسٹروں میں سب سے زیادہ ہے۔

گذشتہ سال فروری میں بی بی سی اردو نے اپنے پروگرام سیربین کو آج نیوز پر پیر تا جمعہ پیش کرنا شروع کیا جس کے بعد سے سیربین نے پاکستان میں بی بی سی اردو کی رسائی میں اضافہ کیا ہے۔ نہ صرف اس نے بی بی سی کی ہفتہ وار رسائی کو 56 لاکھ افراد تک بڑھایا ہے بلکہ سیربین کی مدد سے بی بی سی کی ساکھ کو بھی تقویت دی ہے، جس کا اظہار اس جائزے میں ہوا جس میں 94 فیصد افراد نے بی بی سی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ جائزے میں شامل افراد نے سیربین میں عالمی واقعات میں پاکستانی نقطۂ نظر کو بہتر انداز میں پیش کرنے کے سلسلے میں اسے 80 فیصد تک مقامی ناظرین کے لیے متعلقہ قرار دیا۔

Image caption پروگرام سیربین کے میزبان عالیہ نازکی اور شفیع نقی جامعی سیربین کی ٹیم کے ساتھ

سیربین بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر بھی لائیو نشر کیا جاتا ہے اور اسے بعد میں ویب سائٹ اور بی بی سی اردو کے یو ٹیوب چینل پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ناظرین میں گذشتہ سال کے دوران اتنے بڑے پیمانے پر اضافے کی بڑی وجہ پروگرام کے خصوصی انٹرویوز اور موبائل کے صارفین کے لیے خصوصی پیشکش ہیں۔ اگرچہ پاکستان میں یوٹیوب تک رسائی پر پابندی ہے مگربی بی سی اردو کے قارئین کی بڑی تعداد پراکسی کے ذریعے اس تک رسائی حاصل کر لیتی ہے۔

ریڈیو کے حوالے سے سروے سے پتہ چلا کہ پاکستانی، بی بی سی اردو کے ریڈیو پروگرام کو باقی کسی بھی دوسرے عالمی نشریاتی ادارے کی نسبت زیادہ سنتے ہیں۔ سروے کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بی بی سی پاکستان میں نشر ہونے والی عالمی نشریاتی اداروں کی نسبت سب سے زیادہ قابلِ اعتماد، متعلقہ اور حقائق پر مبنی سمجھا جاتا ہے۔

بی بی سی اردو کی ویب سائٹ کے قارئین میں بھی گذشتہ سال قابل ذکر اضافہ ہوا جو بڑے عالمی اور مقامی واقعات کے دوران واضح طور پر دیکھا گیا۔ بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر سوشل میڈیا کی ویب سائٹوں سے آنے والے قارئین کی تعداد میں گذشتہ سال میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

فیس بُک پر 29 لاکھ سے زیادہ فینز کے ساتھ بی بی سی اردو کے فیس بُک پیج نے اسی عرصے کے دوران تین گنا ترقی کی۔

Image caption سیربین کی میزبان عالیہ نازکی کو میڈیا کی دنیا کے ایک معروف ادارے نے حالات حاضرہ کے پروگراموں کی بہترین ابھرتی ہوئی میزبان قرار دیا

بی بی سی اردو کے ایڈیٹر عامر احمد خان نے کہا: ’اس جائزے کے نتائج اور تازہ ترین ڈیجیٹل اعداد و شمار بی بی سی اردو کے تمام پلیٹ فارمز پر ایک سیر حاصل سال کا خلاصہ پیش کرتے ہیں۔ سیرین ٹی وی پروگرام ہمیں آج نیوز کے توسط سے بہت ہی اہم قارئین فراہم کر رہا ہے اور ہمارے ریڈّیو کے پروگرام پاکستان میں عالمی خبریں سننے والوں کے لیے اب بھی اولین پسند ہیں جبکہ ہماری ویب سائٹ کے قارئین اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور ہمیں نئے اور نوجون قارئین سے روشناس کروا رہے ہیں۔ اور ان ساری باتوں کے پس منظر میں بی بی سی کی کارکردگی پر لوگوں کے اعتماد پر ہے۔ یہ اعداد و شمار بہت ہی تسلی بخش ہیں۔‘

بی بی سی اردو بی بی سی ورلڈ سروس کا حصہ ہے۔

بی بی سی کے پاکستان میں قارئین کے بارے میں یہ اعدادوشمار براڈکاسٹنگ بورڈ آف گورنرز کی جانب سے نیشنل میڈیا سروے کے نتیجے میں جمع کیے گئے جو جون 2014 میں کیا گیا۔

ماخذ: ایڈوبی ڈسکور نومبر 2014 تا جنوری 2015 جس کا موازنہ نومبر 2013 تا جنوری 2014 سے کیا گیا۔

سیربین ٹی وی پروگرام لندن سے براہِ راست پاکستانی نیوز چینل آج نیوز اور بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر پیر سے جمعہ شام ساڑھے سات بجے نشر کیا جاتا ہے۔ سیربین کا ہر پروگرام آج نیوز پر اگلے دن گیارہ بجے صبح نشر مکرر کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے اور بی بی سی اردو ڈاٹ کام پر آپ ہر پروگرام کو اگلے سات دنوں تک دیکھ سکتے ہیں۔ پروگرام کو بی بی سی اردو کے یوٹیوب چینل پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی بارے میں