BBC Urdu
آخری وقت اشاعت:  جمعرات 13 مئ 2010 ,‭ 09:45 GMT 14:45 PST

تریسٹھویں کانز فلمی میلے کا آغاز

اداکار رسل کرو اور اداکارہ کیٹ بلانشٹ کی فلم ’رابن ہڈ‘ کی نمائش سے فرانس میں تریسٹھویں کانز فلمی میلے کا آغاز ہوا ہے۔

بارہ دن تک جاری رہنے والے اس فلمی میلے میں کل انیس فلمیں ’پام ڈی اور‘ ایوارڈ کے لیے مقابلہ کریں گی تاہم رابن ہڈ ان فلموں میں شامل نہیں۔

کلِک ایوارڈز کی دوڑ میں شامل فلمیں: تصاویر

اس سال میلے میں دکھائی جانے والی اہم فلموں میں ہدایتکار اولیور سٹون کی فلم وال سٹریٹ کا دوسرا حصہ ’منی نیور سلیپس‘ بھی شامل ہے۔

انعام کی دوڑ میں شامل فلموں میں جہاں جنوبی کوریا کی دو اور فرانس کی تین فلمیں شامل ہیں وہیں پہلی بار چاڈ اور یوکرین کی فلمیں بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

کانز فلمی میلے میں ’پام ڈی اور‘ انعام جیتنے والی فلم کا اعلان تیئیس مئی کو فلمی میلے کی جیوری کرے گی۔

اس برس کانز کی جیوری کی سربراہی ہدایتکار ٹم برٹن کو سونپی گئی ہے جبکہ اس کے دیگر ارکان میں اداکارہ کیٹ بیکنسیل، بینیشیو ڈیل ٹورو اور بھارتی اداکار اور ہدایتکار شیکھر کپور شامل ہیں۔

اس برس توقع کی جا رہی ہے کہ فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے دس ہزار افراد، چار ہزار صحافی اور ہزاروں فلمی شائقین اس میلے میں شریک ہوں گی۔