دلشان ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

تلک رتنے دلشان
Image caption دلشان نے انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 5,492 رنز بنائے ہیں جس میں سولہ سنچریاں شامل ہیں

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے اوپنر تلکا رتنے دلشان نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم وہ ایک روزہ میچ کھیلتے رہیں گے۔

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کے ترجمان راجتھ فرنینڈو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دلشان جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

فرنینڈو نے کہا کہ ’وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن ایک روزہ میچوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔‘

36 سالہ دلشان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز نومبر 1999 میں زمبابوے کے خلاف کیا تھا اور انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ رواں سال مارچ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔

انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 40.98 کی اوسط سے 5,492 رنز بنائے ہیں جس میں 16 سنچریاں شامل ہیں۔ وہ سری لنکا کی جانب سے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی آف سپن بولنگ کے ذریعے 43.87 کی اوسط سے 39 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

جارحانہ انداز سے کھیلنے والے دلشان سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے اپنے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 51 بالوں پر 74 رنز بنائے تھے۔ اگست میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں