ترجیح پاکستانی فلم ہی ہے: فواد خان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فواد خان کو مسلسل دوسری مرتبہ بہترین اداکار سیٹیلائٹ ٹی وی کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے

پاکستانی اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گے اور آج کل ان کی اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔

فواد خان نے اس ضمن میں تفصیلات بتانے سے معذرت کی اور کہا کہ جب تک وہ فلم سائن نہیں کرلیتے تب تک وہ کچھ نہیں بتاسکتے۔

فواد خان نے تیرہویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں بی بی سی بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فی الحال ڈراموں کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں اور ان کی توجہ فلموں پر ہی مرکوز ہے۔

لکس اسٹائل ایوارڈز میں فواد خان کو مسلسل دوسری مرتبہ بہترین اداکار سیٹیلائٹ ٹی وی کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ پچھلے سال انہیں ڈرامہ ’ہمسفر‘ کے لیے یہ ایوارڈ دیا گیا تھا اور اس سال ’زندگی گلزار ہے‘ کے لیے انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔

اس سوال پر کہ ان کی وجہ شہرت تو ڈرامہ ہی رہی ہے تو وہ کیوں ڈرامے سے دور جا رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈراموں کو بدلنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ ہالی ووڈ سے بہت متاثر ہیں۔ انھوں نے کئی امریکن ڈراموں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی ڈرامے میں بھی ایسے ہی مختلف موضوعات پر توجہ دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ اگر کچھ ایسا کام ملا جس میں وہ ٹی وی کو بدل سکیں تو وہ ضرور کریں گے تاہم فی الحال فلم ہی انہیں سیکھنے کا مواقع فراہم کر رہی ہے۔

فواد خان نے مزید کہا کہ اپناگھر ہی گھر ہوتا ہے اسی لیے وہ پاکستان میں کام کرنے کو ہمیشہ ترجیح دیتے ہیں اور دیتے رہیں گے۔

اسی بارے میں