اداکار اینٹون یلچِن اپنی ہی کار تلے دب کر ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سالہ یلچِن نے دیگر فلموں میں بھی کام کیا جن میں لائیک کریزی اور گرین رُوم شامل ہیں

امریکی پولیس کے مطابق سٹار ٹریک سیریز کی فلموں میں کام کرنے والے روسی نژاد اداکار اینٹون یلچِن کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ان کی اپنی ہی کار نے کچل دیا۔

اینٹون نے اس مشہور فلم سیریز کی نئی فلموں میں ’چیکوو‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

لاس اینجلس کی پولیس کا کہنا ہے کہ اینٹون کے گھر میں ہی کھڑی ان کی گاڑی ڈھلوان سطح پر پیچھے کی جانب چلتے ہوئے انھیں ساتھ گھسیٹ کر لے گئی اور وہ گاڑی اور حفاظتی باڑ اور اینٹوں سے بنے پوسٹ باکس کے درمیان دب گئے۔

وہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دن ایک بجے انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر اتوار کو ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرتی رہی۔

27 سالہ یلچِن نے دیگر فلموں میں بھی کام کیا جن میں لائیک کریزی اور گرین رُوم شامل ہیں۔

یلچِن نے سنہ 2009 میں فلم ’سٹار ٹریک‘ جبکہ سنہ 2013 میں ’سٹار ٹریک ان ٹو ڈارکنس‘ میں پاول چیکوو کا کردار ادا کیا تھا۔

اسی کردار کے ساتھ ان کی تیسری فلم ’سٹار ٹریک بیونڈ‘ آئندہ ماہ ریلیز ہونی ہے۔

پولیس کے مطابق وہ اپنے دوستوں سے ملنے جانے والے تھے اور جب وہ وہاں نہیں پہنچے تو دوست ان کے ہاں چلے آئے اور انھیں وہاں مردہ حالت میں پایا۔

ان کے خاندان نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔