http://www.bbc.com/urdu/

باون کروڑ ڈالر کا جرمانہ

امریکہ میں ایک عدالت نے مائیکروسافٹ پر مصنوعات کے حقوق یعنی پیٹنٹ کی خلاف ورزی کے ایک مقدمے میں باون کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

مائیکروسافٹ پر اپنے انٹرنیٹ ایکسپلورر براؤزر سے متعلق ایک پیٹنٹ کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔

عدالت نے فیصلہ سنایا کیا کہ شکاگو کی کمپنی ایولاس اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کو مائیکروسافٹ کی آپریٹِنگ سِسٹم وِنڈوز کی انیس سو ستانوے اور دو ہزار ایک کے درمیان ہونے والی فروخت پر فی کس پونے دو ڈالر ادا کیا جائے۔

اس کا مطلب ہے کہ مائیکروسافٹ کو باون کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پڑے گا۔ مائیکروسافٹ نے کہا کہ اسے عدالت کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔

مائیکروسافٹ کے ایک اور فیصلے سے جس کے تحت وِنڈوز آپریٹِنگ سِسٹم کے ساتھ انٹرنیٹ ایکسپلورر براؤز مفت دستیاب ہے، کئی کمپنیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بالخصوص نیٹ اسکیپ کو جس کا براؤزر صارفین نے اس لئے خریدنا بند کردیا کہ انہیں مائیکروسافٹ کا براؤزر مفت دستیاب ہوگیا۔